وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کی زیر صدارت مالاکنڈ ڈویژن میں امن و امان، ترقیاتی پروگرام، گورننس، سروس ڈیلیوری اور جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لینے کےلیے اجلاس منعقد ہوا جس میں متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام نےبریفنگ دی۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی زیر صدارت مالاکنڈ ڈویژن میں امن و امان، ترقیاتی منصوبوں، گورننس اور سروس ڈیلیوری بارے اجلاس

مزید خبریں
پشاور۔ 04 جولائی (اے پی پی):وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کی زیر صدارت مالاکنڈ ڈویژن میں امن و امان، ترقیاتی پروگرام، گورننس، سروس ڈیلیوری اور جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لینے کےلیے اجلاس منعقد ہوا جس میں متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام نےبریفنگ دی۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ نے پولیس حکام کو مالاکنڈ ڈویژن میں پارلیمنٹرینز پر ہونے والے حملوں کی تحقیقات جلد از جلد مکمل کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلی نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ صوبے میں امن و امان کے استحکام کےلیے خیبرپختونخوا پولیس اور محکمہ انسداد دہشتگردی کو جدید اسلحہ، آلات، ٹیکنالوجی اور دیگر ضروری وسائل سےمضبوط بنایا جا رہا ہے تاکہ دہشتگردی کے خلاف موثر کارروائیاں یقینی بنائی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ مالاکنڈ ڈویژن میں دہشتگردی، انتہاپسندی اور منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت مربوط، فیصلہ کن اور بلاامتیاز کارروائیاں عمل میں لائی جائیں اور قانون شکن عناصر کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہ برتی جائے۔ وزیراعلی نے سوات میں پیڈز ہسپتال اور ارشد شریف یونیورسٹی کے منصوبوں کےلیے مکمل فنڈز کی بروقت فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوامی فلاح کے اہم منصوبوں میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے مالاکنڈ ڈویژن کے مختلف اضلاع میں مزدور شیلٹرز قائم کرنے، عوامی مقامات پر ٹھنڈے پینے کے پانی کی فراہمی اور شدید گرمی کے پیش نظر پنکھوں کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سروس ڈیلیوری میں نمایاں بہتری لائی جائے، عوامی اطمینان کو کارکردگی کا بنیادی پیمانہ بنایا جائے، تمام سرکاری اداروں کی کارکردگی عوامی ریلیف سے منسلک کی جائے اور عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے کھلی کچہریوں کا سلسلہ باقاعدگی سے جاری رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنی کارکردگی کو صرف فائلوں اور اعداد و شمار سے نہیں بلکہ عوامی اطمینان، عوامی اعتماد اور عوام کی خوشحالی سے جانچنا ہے۔ اس موقع پر اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ مالاکنڈ ڈویژن میں اس وقت 737 ترقیاتی سکیموں پر کام جاری ہے جبکہ رواں مالی سال کے ترقیاتی فنڈز کا 99 فیصد خرچ کیا جا چکا ہے، جس سے ترقیاتی منصوبوں پر موثر پیش رفت جاری ہے۔ ڈویژن بھر میں پولیس انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے پولیس عمارتوں کی فورٹیفیکیشن کا کام جاری ہے۔ اس وقت 14 پولیس سہولت مراکز عوام کو خدمات فراہم کر رہے ہیں جبکہ مزید 3 پولیس سہولت مراکز زیر تعمیر ہیں، جن کی تکمیل سے عوام کو پولیس خدمات مزید آسانی سے میسر آئیں گی۔







