بین الاقوامی پلاسٹک بیگ فری ڈے کے موقع پر ماحولیاتی تحفظ کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے ماحولیاتی تحفظ ایجنسی راولپنڈی نے صدر کے میڈیسن اسکوائر مال میں خصوصی آگاہی تقریب کا انعقاد کیا۔
عالمی یومِ پلاسٹک بیگ فری ڈے، ای پی اے راولپنڈی کی عوامی آگاہی مہم، کپڑے کے تھیلوں کی تقسیم

مزید خبریں
راولپنڈی۔ 04 جولائی (اے پی پی):بین الاقوامی پلاسٹک بیگ فری ڈے کے موقع پر ماحولیاتی تحفظ کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے ماحولیاتی تحفظ ایجنسی راولپنڈی نے صدر کے میڈیسن اسکوائر مال میں خصوصی آگاہی تقریب کا انعقاد کیا۔ یہ مقام پہلے ہی پلاسٹک فری زون قرار دیا جا چکا ہے جہاں سنگل یوز پلاسٹک بیگز کے استعمال کی حوصلہ شکنی کی جا رہی ہے۔تقریب کا مقصد شہریوں میں ماحول دوست طرزِ زندگی کو فروغ دینا اور پلاسٹک بیگز کے مضر اثرات سے متعلق شعور بیدار کرنا تھا۔ اس موقع پر خصوصی پلاسٹک بیگ ڈپازٹ بوتھ قائم کیا گیا جہاں شہریوں نے ممنوعہ پلاسٹک شاپنگ بیگز جمع کرا کر ان کے بدلے دوبارہ استعمال کے قابل کپڑے کے تھیلے حاصل کیے۔تقریب کے دوران ماحول دوست رویوں کی حوصلہ افزائی کے لیے کپڑے یا دیگر قابلِ استعمال تھیلے استعمال کرنے والے افراد کو ”انوائرمنٹ چیمپئن” کے اعزازی بیجز بھی دیے گئے، تاکہ عوام میں ماحول کے تحفظ کا شعور مزید فروغ پائے۔اس موقع پر ای پی اے راولپنڈی کے زیر اہتمام آگاہی واک بھی منعقد کی گئی جس میں شرکاء نے پلاسٹک بیگز کے بڑھتے ہوئے استعمال سے ماحول، آبی حیات، جنگلی جانوروں اور انسانی صحت پر مرتب ہونے والے منفی اثرات کو اجاگر کیا۔ واک کے دوران شہریوں میں معلوماتی پمفلٹس تقسیم کیے گئے اور انہیں ماحول دوست متبادل اختیار کرنے کی ترغیب دی گئی۔ای پی اے حکام نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پلاسٹک آلودگی کے خاتمے اور صاف، سرسبز اور صحت مند ماحول کے فروغ کے لیے ایسی آگاہی مہمات مستقبل میں بھی باقاعدگی سے جاری رکھی جائیں گی، کیونکہ ماحول کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے







