ایل اے 36 جموں III میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی، سیالکوٹ مسلم لیگ (ن) کا ناقابل تسخیر قلعہ ثابت ہوا، وزیر محنت و افرادی قوت پنجاب

"وزیر محنت و افرادی قوت پنجاب محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے حلقہ ایل اے 36 جموں III کے عام انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدوار محمد احسن رضا کی کامیابی سے ایک بار پھر ثابت ہو گیا ہے کہ سیالکوٹ مسلم لیگ (ن) کا ناقابلِ تسخیر قلعہ ہے۔”

سیالکوٹ۔ 03 اگست (اے پی پی):وزیر محنت و افرادی قوت پنجاب محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اہم ترین حلقہ ایل اے 36 جموں III کے عام انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدوار محمد احسن رضا کی کامیابی سے ایک بار پھر ثابت ہو گیا ہے کہ سیالکوٹ مسلم لیگ (ن) کا ناقابلِ تسخیر قلعہ ہے۔

صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت نے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار محمد احسن رضا کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی قائد محمد نواز شریف، محمد شہباز شریف، مریم نواز شریف کی بہترین حکمت عملی، تعمیری پالیسیوں اور عوامی خدمت کے بیانیے کی فتح ہے۔انہوں نے حلقے کے تمام یوسی چیئرمینوں، مقامی عہدیداران اور مسلم لیگ (ن) کے جیالے کارکنوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی دن رات ایک کرنے والے کارکنوں کی انتھک محنت، یکجہتی اور پارٹی ڈسپلن کی پابندی کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ووٹرز نے تمام منفی پروپیگنڈے کو رد کرتے ہوئے ایک بار پھر شیر پر اعتماد کا اظہار کیا ہے اور پرامن و شفاف انداز میں اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر کے جمہوریت کو مضبوط کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام نے مسلم لیگ (ن) سے اپنی محبت اور وابستگی کا ثبوت دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض عناصر منفی پروپیگنڈے سے بھارتی لابی کے بیانیے کو تقویت دینے کی کوششوں میں مصروف ہیں لیکن پاکستان کا قومی موقف ہمیشہ اٹل رہا ہے کہ ’’کشمیر بنے گا پاکستان‘‘ اور اس بنیادی موقف پر کسی دوسرے حل کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ انہوں نے اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیری بھائیوں کے حقِ خودارادیت کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔صوبائی وزیر نے سیالکوٹ کی غیور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے عزم ظاہر کیا کہ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن)عوام کی ترقی، خوشحالی اور کشمیریوں کے حقوق کی ترجمانی کا سفر مزید تیز کرے گی۔