ایل سی سی آئی کے زیر اہتمام ایس ایم ای فنانس اینڈ بینکنگ ایکسپو کا انعقاد

لاہور۔8جنوری (اے پی پی):لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیرِ اہتمام ایس ایم ای فنانس اینڈ بینکنگ ایکسپو کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو بینکاری سہولیات، فنانسنگ اسکیموں اور مالی مصنوعات سے براہِ راست آگاہی فراہم کرنا تھا۔ پورا دن جاری رہنے والی اس ایکسپو میں ملک کے تقریبا تمام بڑے کمرشل بینکوں، اسلامی بینکوں اور مالیاتی اداروں نے اپنے اسٹالز …

لاہور۔8جنوری (اے پی پی):لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیرِ اہتمام ایس ایم ای فنانس اینڈ بینکنگ ایکسپو کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو بینکاری سہولیات، فنانسنگ اسکیموں اور مالی مصنوعات سے براہِ راست آگاہی فراہم کرنا تھا۔

پورا دن جاری رہنے والی اس ایکسپو میں ملک کے تقریبا تمام بڑے کمرشل بینکوں، اسلامی بینکوں اور مالیاتی اداروں نے اپنے اسٹالز قائم کیے جہاں لاہور چیمبر کے ممبران نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور ایس ایم ای سیکٹر کے لیے مختص مختلف فنانسنگ پروڈکٹس، ری فنانسنگ اسکیموں، کریڈٹ سہولیات، اسلامی مالیاتی ماڈلز اور ڈیجیٹل بینکاری حل کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کیں۔ایکسپو کا افتتاح صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمن سہگل ،ایگزیکٹو ڈائریکٹر اسٹیٹ بینک آف پاکستان سید باسط علی، چیف منیجر اسٹیٹ بینک طارق ریاض، سینئر نائب صدر لاہور چیمبر تنویر احمد شیخ، نائب صدر خرم لودھی اور نائب صدر سارک چیمبر میاں انجم نثار نے مشترکہ طور پر کیا۔

افتتاحی تقریب میں لاہور چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین، مختلف بینکوں کے اعلی حکام، کاروباری شخصیات اور خواتین کاروباری افراد کی بڑی تعداد موجود تھی۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ لاہور چیمبر 48 ہزار سے زائد ممبر کمپنیوں کی نمائندگی کر رہا ہے اور یہ پاکستان کا سب سے بڑا اور پریمیئر چیمبر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان کو پائیدار معاشی ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے اور خطے کے دیگر ممالک کے ساتھ مسابقتی بنانا ہے تو اس کا واحد موثر راستہ ایس ایم ای سیکٹر کا فروغ ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کے ترقی یافتہ اور ابھرتے ہوئے ممالک جیسے چین، ویتنام، بنگلہ دیش، جاپان اور تائیوان نے اپنی معاشی ترقی کا سفر چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کے ذریعے طے کیا، جبکہ پاکستان بدقسمتی سے ابھی اس درست سمت میں پوری طرح قدم نہیں رکھ سکا۔صدر لاہور چیمبر نے کہا کہ ایس ایم ای فنانس اینڈ بینکنگ ایکسپو اسی خلا کو پر کرنے کی ایک سنجیدہ کوشش ہے، جس میں کمرشل بینک اور مالیاتی ادارے شرکت کر رہے ہیں اور اپنے اسٹالز کے ذریعے کاروباری برادری کو براہِ راست فنانسنگ پروڈکٹس، قرضہ جاتی سکیموں اور بینکاری سہولیات سے آگاہ کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اکثر اوقات بہترین پروڈکٹس اور اسکیمیں موجود ہوتی ہیں مگر آگاہی نہ ہونے کی وجہ سے کاروباری افراد ان سے فائدہ نہیں اٹھا پاتے، اس لیے ایسے فورمز وقت کی اہم ضرورت ہیں۔

 

مزید خبریں