شمسی توانائی پرمنتقل ہونے والے زرعی صارفین ٹرانسفارمرز، کھمبے اور دیگر برقی آلات کی واپسی میں تعاون کریں، کیسکو

کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو) نے صوبہ کے اُن تمام زرعی ٹیوب ویل کنکشنز کیسکوکے نیٹ ورک سے منقطع کردئیے ہیں جو حکومت کی جانب سے شمسی توانائی پر منتقلی کے منصوبے میں شامل کئے گئے تھے

کوئٹہ۔ 08 جون (اے پی پی):کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو) نے صوبہ کے اُن تمام زرعی ٹیوب ویل کنکشنز کیسکوکے نیٹ ورک سے منقطع کردئیے ہیں جو حکومت کی جانب سے شمسی توانائی پر منتقلی کے منصوبے میں شامل کئے گئے تھے۔ حکومت کی جانب سے صوبہ کے تمام رجسٹرڈ زرعی صارفین کو سولرائزیشن منصوبے کی مدمیں فی کس 20 لاکھ روپے کی فراہمی کے بعدکیسکوٹیموں نے اُن تمام زرعی ٹیوب ویلوں کے برقی کنکشنز منقطع کردئیے۔ اس دوران مختلف مراحل میں صوبہ بھر میں زرعی صارفین کے ٹرانسفارمرزاور ان سے منسلک برقی آلات اُتارکر کیسکواسٹورزمیں جمع کرادئیے گئےلیکن کچھ زرعی صارفین نے شمسی توانائی پر منتقل ہونے اورحکومت کی جانب سے رقوم کی وصولی کے باوجود ابھی تک ٹرانسفارمرزاوردیگر برقی آلات کیسکوٹیموں کے حوالے نہیں کئے ہیں۔

سولرائزیشن منصوبہ کے تحت حکومت کی جانب سے زمینداروں کو20لاکھ روپے (فی کنکشن)ملنے کے بعد تمام زرعی صارفین نے اپنے ٹرانسفارمرز،کھمبے اور دیگر برقی آلات کیسکوکو واپس کرنے کے پابندہیں جسکے لئے صوبائی حکومت کی جانب سے بلوچستان زرعی سولرائزیشن اور بجلی چوری کی روک تھام کامسودہ قانون مصدرہ2025 بھی منظوری بھی عمل میں لائی گئی ہے اورمذکورہ قانون کے تحت ٹرانسفارمرز، کھمبے اور برقی آلات واپس نہ کرنے کی صورت میں اُن زمینداروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔