ریڈیو پاکستان سرگودھا کے ایف ایم 101 کے پروگرام ’’شاہین سرگودھا‘‘ میں نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس (NHMP) کے تعاون سے روڈ سیفٹی اور ٹریفک آگاہی کے موضوع پر ایک خصوصی آگاہی ڈائیلاگ منعقد کیا گیا،
ریڈیو پاکستان سرگودھا اور نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے اشتراک سے روڈ سیفٹی آگاہی ڈائیلاگ کا انعقاد

مزید خبریں
سرگودھا۔ 08 جون (اے پی پی):ریڈیو پاکستان سرگودھا کے ایف ایم 101 کے پروگرام ’’شاہین سرگودھا‘‘ میں نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس (NHMP) کے تعاون سے روڈ سیفٹی اور ٹریفک آگاہی کے موضوع پر ایک خصوصی آگاہی ڈائیلاگ منعقد کیا گیا،
جس کا مقصد شہریوں میں محفوظ سفر، ٹریفک قوانین کی پاسداری اور ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کے شعور کو فروغ دینا تھا۔پروگرام میں ڈی ایس پی فہد اجمل، انسپکٹر ذوالفقار علی، انسپکٹر عمران تبسم اور سب انسپکٹر فریال علی نے بطور مہمان شرکت کی۔ گفتگو کے دوران قومی شاہراہوں اور موٹرویز پر محفوظ سفر کے اصولوں، ٹریفک قوانین کی اہمیت اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے حوالے سے تفصیلی آگاہی فراہم کی گئی۔مہمانوں نے دورانِ سفر سیٹ بیلٹ کے استعمال، ڈرائیونگ کے دوران غنودگی اور نیند کے خطرات، بارش اور خراب موسمی حالات میں احتیاطی تدابیر، لین ڈسپلن، رفتار کی مقررہ حدود، اوورلوڈنگ اور گاڑیوں میں گنجائش سے زائد مسافروں کو بٹھانے کے نقصانات پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی پابندی حادثات کی روک تھام اور محفوظ سفر کی ضمانت ہے۔خصوصی طور پر گرمیوں کے موسم میں گاڑیوں کے ٹائروں کی دیکھ بھال، مناسب ٹائر پریشر اور طویل سفر سے قبل گاڑی کی مکمل جانچ کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ شرکاء کو بتایا گیا کہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی ہیلپ لائن 130 چوبیس گھنٹے عوام کی خدمت کے لیے دستیاب ہے، جہاں کسی بھی ہنگامی صورتحال، رہنمائی یا شکایت کے لیے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔اس موقع پر اس امر پر زور دیا گیا کہ روڈ سیفٹی صرف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری نہیں بلکہ ہر شہری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی کہ وہ دورانِ سفر تمام حفاظتی اصولوں اور ٹریفک قوانین کی پابندی کو یقینی بنائیں تاکہ قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ ممکن بنایا جا سکے۔








