ایل پی جی کو محفوظ بنا کر انسانی جانوں کو بچایا جا سکتا ہے، اوگرا سیمینار سے مقررین کا خطاب

121
Ogra
Ogra

اسلام آباد۔11جولائی (اے پی پی):آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے "ایل پی جی کے محفوظ استعمال ، ‘زیرو’ مہلک حادثات” کے عنوان سے ایک قومی سیمینار کا انعقاد کیا ۔جمعرات کو ہونے والے سیمینار میں پیٹرولیم ڈویژن کے سینئر افسران، اسلام آباد پولیس، موٹرویز پولیس، سول ڈیفنس اور ایل پی جی سیکٹر کی معروف کمپنیوں کے سی ای اوز ،چیئرمین اوگرا مسرور خان، ممبر آئل، ممبر فنانس اور اوگرا کے ایل پی جی اور انفورسمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی سینئر ٹیم نے بھی شرکت کی۔

چیئرمین اوگرا مسرور خان نے کہا کہ ملک بھر میں شہروں سے لے کر دور دراز علاقوں تک ایل پی جی کے بڑھتے ہوئے استعمال کے پیش نظر مضبوط حفاظتی پروٹوکولز کی فوری ضرورت ہے، یہ سیمینار ان حفاظتی خدشات کو دور کرنے کے لئے صنعت کے رہنماؤں، پالیسی سازوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں، آلات کے مینوفیکچررز اور صارفین کو اکٹھا کر کے ایل پی جی کے استعمال میں بہترین طریقوں کو فروغ دینے کا مقصد رکھتا ہے۔ممبر آئل اوگرا زین العابدین نے بتایا کہ اتھارٹی صوبائی حکومتوں کے ساتھ فعال طور پر رابطے میں ہے، فیلڈ انسپیکشنز کر رہی ہے اور غیر قانونی ایل پی جی سرگرمیوں کو روکنے کے لئے آگاہی مہم چلا رہی ہے۔

صنعتی ماہرین نے ایل پی جی کی انتہائی آتش گیر نوعیت کے پیش نظر حفاظتی معیارات کی سختی سے پابندی کی اہمیت پر زور دیا۔ مقررین نے ایسے خطرناک عمل سے بچنے کی ضرورت پر زور دیا جیسے کہ تنگ جگہوں میں سلنڈر بھرنا جو ہنگامی صورت حال میں رکاوٹ بنتی ہیں، صرف مجاز تقسیم کاروں کو ایل پی جی سلنڈر فروخت کرنے کی اجازت دینا اور سلنڈر سے سلنڈر کی منتقلی کو ممنوع قرار دینا وغیرہ شامل ہے۔یہ سیمینار پاکستان بھر میں ایل پی جی کے محفوظ استعمال کو یقینی بنانے اور حفاظتی معیارات کی پابندی کو فروغ دینے کے لئے ایک اہم قدم ہے جس استفادہ حاصل کر کے حادثات کو روکا جا سکتا ہے اور زندگیاں محفوظ بنائی جا سکتی ہیں۔