اسلام آباد۔22جنوری (اے پی پی):ایل پی جی کی درآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 3 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
پاکستان بیورو برائے شماریات کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے دسمبر تک کی مدت میں ایل پی جی کی درآمدات پر 348 ملین ڈالر زرمبادلہ خرچ ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 3 فیصد کم ہے۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ایل پی جی کی درآمدات کا حجم 357 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ دسمبر میں ایل پی جی کی درآمدا ت پر 74 ملین ڈالر خرچ ہوئے جو دسمبر 2022 کے مقابلے میں 10 فیصد زیادہ ہیں۔ دسمبر 2022 میں ایل پی جی کی درآمدات پر 68 ملین ڈالر کا زرمبادلہ خرچ ہوا تھا۔ نومبر کے مقابلے میں دسمبر میں ایل پی جی کی درآمدات میں ماہانہ بنیادوں پر 5 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔
نومبر میں ایل پی جی کی درآمدات پر 70 ملین ڈالر خرچ ہوئے جو دسمبر میں بڑھ کر 74 ملین ڈالر ہوگئے۔ واضح رہے کہ جاری مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں پٹرولیم مصنوعات کی مجموعی درآمدات پر 8.006 ارب ڈالر کا زرمبادلہ خرچ ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 14 فیصد کم ہے۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں پٹرولیم مصنوعات کی درآمدات پر 9.286 ارب ڈالر کا زرمبادلہ خرچ ہواتھا۔