پشاور۔ 06 جولائی (اے پی پی):ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 پشاور سعادت اللہ کی زیر صدارت محرم الحرام کے حوالے سےاجلاس منعقد ہوا۔میڈیا کوارڈینیٹر ریسکیو 1122 پشاور محمد زین کے مطابق اجلاس میں سٹیشن ہاؤس انچارجز، کنٹرول روم انچارج، سٹور روم انچارج اور ٹریننگ ونگ انچارج نے شرکت کی۔
اجلاس میں محرم الحرام کے دوران عزاداروں اور عوام کو بروقت ریسکیو سہولیات فراہم کرنے کے لئے ایک متفقہ جامع پلان ترتیب دیا گیا جس کے تحت پشاور کی مختلف امام بارگاہوں، ماتمی جلوسوں اور مختلف مقامات پر ریسکیو اہلکار تعینات رہیں گے جہاں عزاداروں کو موقع پر طبی امداد فراہم کی جائے گی۔
محرم الحرام میں کسی بھی ممکنہ ایمرجنسی سے نبرد آزما ہونے کیلئے تمام گاڑیوں کو فعال کرنے کے ساتھ گاڑیوں میں طبی ساز و سامان اور دیگر ریسکیو آلات کی کمی کو پورا کر دیا گیا ہے۔