ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کے 9 ویں اجلاس کا این ڈی ایم اے ہیڈکوارٹرز کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر میں انعقاد

زیرِاعظم کی ہدایت پرروزانہ کی بنیا د پر جاری ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کا نوواں اجلاس این ڈی ایم اے ہیڈکوارٹرز کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) میں منعقد ہوا۔

اسلام آباد۔1اگست (اے پی پی):وزیرِاعظم کی ہدایت پرروزانہ کی بنیا د پر جاری ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کا نوواں اجلاس این ڈی ایم اے ہیڈکوارٹرز کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) میں منعقد ہوا۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس کی صدارت کی، جبکہ وفاقی و صوبائی حکام اور متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔میڈیا ونگ، این ڈی ایم اے کے مطابق چیئرمین این ڈی ایم اے اور این ای او سی ٹیم نے ملک بھر میں مون سون کی صورتحال، جانی و مالی نقصانات، امداد و بحالی سرگرمیوں پر کمیٹی کو تفصیلی بریفنگ دی۔

کمیٹی کو گزشتہ روز کی بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال اور متعلقہ وفاقی، صوبائی و ضلعی اداروں کے بروقت امدادی اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔این ای او سی نے آگاہ کیا کہ آئندہ دنوں میں شمالی و وسطی علاقوں جبکہ جنوب مشرقی سندھ کے بعض مقامات پر بھی بارش کا امکان ہے۔این ڈی ایم اے نے متاثرہ علاقوں میں قومی و بین الاقوامی فلاحی اداروں کے تعاون سے جاری ریلیف سرگرمیوں پر بھی بریفنگ دی۔

اجلاس میں وفاقی وزارتوں، صوبائی حکومتوں اور ضلعی انتظامیہ کی امدادی، ریسکیو اور بحالی کی کاوشوں کو سراہا گیا۔ایمرجنسی رسپانس کمیٹی نے تمام متعلقہ اداروں کو باہمی رابطہ، پیشگی تیاری، امدادی کارروائیوں اور بحالی کے عمل میں مزید تیزی لانے کی ہدایت کی۔