حیدرآباد۔ 19 اگست (اے پی پی):رکن صوبائی اسمبلی سندہ پارس ڈیرو نے کہا ہے کہ علاقے کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کوشاں ہیں اور روہڑی کینال شگاف سے متاثرہ افراد جلد اپنے گھروں کو منتقلی کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر سانگھڑ ڈاکٹر عمران الحسن خواجہ کے ہمراہ ٹنڈوآدم کے علاقے آچر ساند، ساند موری اور گاؤں ہاشم ساند سمیت دیگر دیہاتوں کے دورے کے دوران اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ روہڑی کینال کے شگاف سے علاقے کے لوگوں کا کافی نقصان ہوا ،فصل اور پالتو جانور بھی متاثر ہوئے ہیں۔ رکن صوبائی اسمبلی نے کہا کہ شگاف محکمہ آبپاشی کی نااہلی کی وجہ سے پڑا، کوتاہی کے مرتکب افسران و عملے کو سزا ملنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ وہ پارٹی قیادت سے اپیل کرتے ہیں کہ ٹنڈوآدم کے سیلاب زدگان کی مدد کریں اور اس قسم کی قدرتی آفات سے مستقل طور پر نمٹنے کا نظام قائم کریں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سانگھڑ عمران الحسن خواجہ نےکہا کہ وہ روہڑی کینال کے سیلاب متاثرین کی پریشانیوں سے آگاہ ہیں اور ان کی جلد از جلد بحالی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت سیلابی پانی کی نکاسی کے لیے 25 کے قریب مشینیں مختلف مقامات پر پانی نکال رہی ہیں تاہم پانی کی مقدار زیادہ ہونے کی وجہ سے نکاسی کے لیے بڑی ٹربائن مشینیں لگائی جائیں گی تاکہ جلد متاثرہ لوگوں کو دوبارہ اپنے گھروں میں منتقل کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس علاقے میں نکاسی آب کا نظام نہ ہونے کی وجہ سے کافی مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ پمپنگ کے علاوہ نکاسی کا کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ 3ہزار سے زائد افراداپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہو چکے ہیں ہم فائیو سٹار کیمپ بنا دیں لیکن وہ گھر کا نعم البدل نہیں ہو سکتی۔ اس موقع پر انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر ٹنڈو آدم اور دیگر حکام سے بحالی کے کاموں کی تفصیلات معلوم کیں اور متاثرین کو تمام سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات کیں۔