ایم یو میں تیسری نرسنگ لیڈرشپ اینڈ کیپیسٹی بلڈنگ کورس کی کامیاب تکمیل

70

پشاور۔ 07 فروری (اے پی پی):خیبر میڈیکل یونیورسٹی(کےا یم یو)پشاور میں SAME RPS برطانیہ اور محکمہ صحت خیبر پختونخوا کے اشتراک سے منعقدہ تیسری نرسنگ لیڈرشپ اینڈ کیپیسٹی بلڈنگ کورس کامیابی کے ساتھ مکمل ہو گیا۔ اس کورس کا مقصد خیبر پختونخوا میں نرسنگ کے شعبے کو جدید قیادت اور پیشہ ورانہ مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے۔ تقریب تقسیم اسناد میں پرو وائس چانسلر کےایم یو پروفیسر ڈاکٹر روبینہ نازلی،ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز خیبر پختونخوا ڈاکٹر محمد سلیم، چیف ایچ ایس آر یو محکمہ صحت ڈاکٹر خلیل اختر، ڈائریکٹر نرسنگ خیبر پختونخوااختر بانو، رجسٹرار کے ایم یو انعام اللہ خان وزیر، ڈاکٹر اعجاز حسین اور ڈائریکٹر اکیڈمکس پروفیسر ڈاکٹر ظل ِہما شامل تھے۔

مہمان خصوصی ڈاکٹر محمد سلیم اور دیگر مقررین نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کے ایم یو کے تعلیمی اور تحقیقی شعبے میں نمایاں کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے اس کورس کے انعقاد میں یونیورسٹی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے مستقبل میں اس کی تسلسل کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ مقررین نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ چیسٹر یونیورسٹی برطانیہ سے ملنے والی سند نرسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مزید مستحکم کرے گی جس سے وہ اپنے فرائض کو مزید موثر طریقے سے انجام دے سکیں گے۔ انہوں نے حکومت کی جانب سے اس منصوبے میں کیے گئے خطیر سرمایہ کاری کو اجاگر کرتے ہوئے شرکاء کو نصیحت کی کہ وہ کورس سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ یہ بھی واضح کیا گیا کہ نرسنگ کا شعبہ صحت کے نظام میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ا

ور اس کے بغیر صحت کا شعبہ نامکمل ہے۔ صوبائی حکومت نرسنگ تعلیم اور تربیت کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لا رہی ہے تاکہ ایک موثر اور مستحکم نظام صحت تشکیل دیا جا سکے۔ مقررین نے واضح کیا کہ یہ کورس شرکاء کی مواصلاتی اور قیادتی صلاحیتوں کو بہتر بنانے پر مرکوز ہے، جو ان کی ذاتی ترقی کے ساتھ ساتھ صحت کے مجموعی نظام میں بہتری لانے میں معاون ثابت ہوگا۔ کورس کےشرکاء کو تلقین کی گئی کہ وہ حاصل کردہ علم کو اپنے متعلقہ شعبوں میں بروئے کار لا کر مثبت تبدیلی کا ذریعہ بنیں۔ مزید برآں، شرکاء کو اپنی حاضری یقینی بنانے اور تدریسی عمل میں مکمل دلچسپی لینے کی تلقین بھی کی گئی۔

واضح رہے کہ تیسری بیچ کی کامیاب تکمیل کے ایم یو کے نرسنگ تعلیم اور پیشہ ورانہ ترقی کے فروغ کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ یہ اقدام خیبر پختونخوا میں ایک ہنر مند نرسنگ ورک فورس کی تیاری میں معاون ثابت ہوگا جو صحت کے شعبے میں قیادت اور تبدیلی کا ذریعہ بنے گا۔