اسلام آباد۔5مارچ (اے پی پی):این ایف سی ایوارڈکے تحت وفاق کی جانب سے صوبوں کوجاری مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں 24 کھرب، 35 ارب، 34 کروڑ ، 90 لاکھ روپے کے فنڈز فراہم کئے گئے۔ وزارت خزانہ کی جانب سے دستیاب اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں این ایف سی ایوارڈ کے تحت وفاق کی جانب سے صوبوں کومجموعی طورپر2,435,349 ملین روپے فراہم کئے گئے، گزشتہ مالی سال کے دوران این ایف سی ایوارڈ کے تحت وفاق کی جانب سے صوبوں کو 18 کھرب، 80 ارب، 40 کروڑ روپے کے فنڈز فراہم کئے گئے تھے۔
اعدادوشمارکے مطابق مالی سال کی پہلی ششماہی میں این ایف سی ایوارڈ کے تحت صوبوں کوفراہم کردہ فنڈز کاحجم 10 کھرب، 88 ارب ، 20 کروڑ ،10 لاکھ روپے تھا۔ اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کی پہلی ششماہی میں این ایف سی ایوارڈ کے تحت پنجاب کو11 کھرب، 89 ارب، 69 کروڑ، 60 لاکھ روپے، سندھ کو 6 کھرب، دوارب، 40 کروڑ، 90 لاکھ روپے، خیبرپختونخوا 4 کھرب، 5 ارب، 90 لاکھ روپے اوربلوچستان کودوکھرب، 38 ارب، 18 کروڑ 50 لاکھ روپے کے فنڈز فراہم کئے گئے۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں این ایف سی ایوارڈکے تحت وفاق کی جانب سے پنجاب کو525,886 ملین روپے، سندھ کو261,545 ملین روپے، خیبرپختونخوا 177,063 ملین روپے اوربلوچستان کو 123,708ملین روپے کے فنڈز فراہم کئے گئے تھے۔