این سی سی آئی اے نے ریاستی اداروں سے متعلق گمراہ کن معلومات پھیلانے کے الزام میں شہری کو گرفتارکر لیا

نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے سوشل میڈیا پر ریاستی اداروں سے متعلق مبینہ گمراہ کن اور غلط معلومات کی تشہیر پر کارروائی کرتے ہوئے ایک شخص کو گرفتار کر لیا۔

لاہور۔16ستمبر (اے پی پی):نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے سوشل میڈیا پر ریاستی اداروں سے متعلق مبینہ گمراہ کن اور غلط معلومات کی تشہیر پر کارروائی کرتے ہوئے ایک شخص کو گرفتار کر لیا۔

گرفتار ملزم کے قبضے سے تین موبائل فون برآمد کیے گئے ہیں، جنہیں مزید ڈیجیٹل شواہد کے حصول کے لیے فرانزک جانچ کے لیے بھجوا دیا گیا ہے۔این سی سی آئی اے کے مطابق کارروائی ڈائریکٹر این سی سی آئی اے پنجاب حسام بن اقبال کی خصوصی ہدایات پر کی گئی۔ ان ہدایات کے تحت سوشل میڈیا کے ذریعے ریاستی اداروں سے متعلق غلط، گمراہ کن یا بے بنیاد معلومات پھیلانے والے عناصر کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔گرفتار ہونے والے شخص کی شناخت محمد سرور عارف ولد محمد عارف کے نام سے ہوئی ہے، جو لاہور کا رہائشی ہے۔

حکام کے مطابق دورانِ تحقیقات اس شخص کے سوشل میڈیا پر ریاستی اداروں سے متعلق مبینہ گمراہ کن اور غلط معلومات پھیلانے میں ملوث ہونے کے شواہد سامنے آئے۔این سی سی آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ملزم سے برآمد ہونے والے تین موبائل فونز کو فرانزک تجزیے کے لیے بھجوایا گیا ہے۔ فرانزک عمل کے ذریعے موبائل فونز میں موجود ڈیجیٹل مواد، سوشل میڈیا سرگرمیوں اور دیگر ممکنہ شواہد کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

حکام کے مطابق تحقیقات کا مقصد یہ معلوم کرنا ہے کہ سوشل میڈیا پر مبینہ گمراہ کن مواد کی تشہیر کس نوعیت کی سرگرمیوں کا حصہ تھی اور اس کے پیچھے مزید کوئی عناصر یا روابط موجود ہیں یا نہیں۔این سی سی آئی اے پنجاب کا کہنا ہے کہ سائبر اسپیس کے ذریعے قانون کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی جاری رہے گی، جبکہ ڈیجیٹل شواہد کی بنیاد پر تحقیقات کو آگے بڑھایا جائے گا۔