این ڈی ایم اے کی تمام صوبائی اور ضلعی اداروں کو ممکنہ موسمی صورتحال سے نمٹنے کیلئے الرٹ رہنے کی ہدایت

این ڈی ایم اے کی تمام صوبائی اور ضلعی اداروں کو ممکنہ موسمی صورتحال سے نمٹنے کیلئے الرٹ رہنے کی ہدایت

اسلام آباد۔19جون (اے پی پی):این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے آئندہ چند روز کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں متوقع موسمی صورتحال اور ممکنہ خطرات کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا۔ جمعہ کو جاری الرٹ کے مطابق موجودہ موسمی صورتحال این ای او سی کی جانب سے3سے4ماہ قبل جاری موسمی جائزہ کے عین مطابق ہے ،این ڈ ی ایم اے ممکنہ موسمی صورتحال اور ممکنہ خطرات کے حوالے سے تمام متعلقہ اداروں کو پیشگی آگاہی یقینی بنا رہا ہے ،قبل از وقت موسمی جائزہ متعلقہ اداروں کے لیے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے اور بر وقت تیاری یقینی بنانے میں مددگار ثابت ہو رہا ہے ۔

این ڈی ایم اے کے مطابق آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے پیشتر علاقوں بشمول اسلام آباد سمیت پنجاب میں رولپنڈی، مری، اٹک، چکول، تلہ گنگ،منڈی بہاولدین،سرگودھا،گوجر خان، گجرات، جہلم، سیالکوٹ، گوجرانوالہ،حافظ آباد،لاہور،فیصل آباد،سرگودھا،خوشاب، جھنگ، میانوالی، ڈیرہ غازی خان،قصور، اوکاڑہ،ساہیوال،ملتان، بہالپور اوررحیم یار خان کے علاقوں میں تیز ہواؤں، آندھی، جھکڑ اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ،جبکہ راولپنڈی اور اسلام آباد سمیت پوٹھوہار ریجن میں شہروں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے ۔الرٹ میں گلگت بلتستان اور کشمیر کے علاقوں گلگت، اسکردو،دیامیر، استور، غزر، ہنزہ، گھانچے،شگر، نیلم ویلی، مظفرآباد، راولاکوٹ،باغ، کوٹلی، پونچھ، ہٹیاں میرپور،اور بھمبر میں گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر میں گلیشیئر جھیلوں کے پھٹنے کے باعث سیلابی صورتحال/گلاف کے خطرے سے متعلق بھی الرٹ جاری کیا ہے ۔

ہنزہ، نگر، غذر، اسکردو، شگر، گانچھے، استور اور دیامر کے علاقوں میں سیلابی صورتحال کا خدشہ اوراپر اور لوئر چترال، سوات، کالام، بحرین اور آرکاری کے علاقوں میں بھی گلوف اور اچانک سیلابی صورتحال متوقع ہے ۔اپر دیر، سوات، کوہستان اور مانسہرہ کے علاقے بھی اچانک سیلابی صورتحال کے حوالے سے حساس قرار دیا گیا ہے ،گلگت، نگر، غذر، اسکردو، گانچھے، داریل اور تانگیر ممکنہ متاثرہ علاقوں میں شامل ہیں ۔ مظفرآباد، نیلم ویلی، باغ اور حویلی میں بھی مقامی سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے جبکہ گلوف کے باعث اچانک سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور ملبے کے ریلوں کا خطرہ موجود ہے ۔تیزی سے پگھلتے گلیشئرزاور برفانی جھیلوں کے ٹوٹنے کے باعث پہاڑی علاقوں سے آنے والے ندی نالوں میں پانی کے شدید بہاؤ کا خطرہ اور گلیشائی جھیلوں کے سیلا ب کے باعث مقامی ندی نالوں اور دریاؤں میں طغیانی کا امکان ہے ۔

اسی طرح گلیشیئر سے نکلنے والے دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ متوقع ہے اورشاہراہوں، رابطہ سڑکوں اور دیگر بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے ۔این ڈی ایم اے نے ہدایت کی ہے کہ مقامی آبادی اور سیاح غیر ضروری طور پر گلیشیئرز اور ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کریں،غیر معمولی پانی کے بہاؤ، گدلے پانی یا گلیشیئر سے آنے والی آوازوں پر فوری ضروری حفاظتی اقدامات کریں۔خیبرپختونخوا میں چترال، دیر،سوات، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، صوابی، مردان،چارسدہ،پشاور، کوہاٹ،پاراچنار، کرک، بنوں،ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیر ستان ،بلوچستان میں تربت، کیچ، آواران، خضدار اور ژوب کے علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے ۔

صوبہ سندھ میں جیکب آباد، سکھر، لاڑکانہ، خیرپور، دادو، گھوٹکی، کشمور،شکار پور، شہید بینظر آباد اور کراچی کے علاقوں میں بھی تیز ہواؤں، آندھی جھکڑ اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پربارش کا امکان ہے ۔این ڈی ایم نے ہدایت کی ہے کہ ندی نالوں اور نشیبی علاقوں کے مکین قیمتی سامان اور مویشی محفوظ مقامات پر منتقل کریں،نکاسی آب کے نظام، نالوں اور سیوریج لائنوں کی صفائی یقینی بنائی جائے ،ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے حساس علاقوں کی مسلسل نگرانی یقینی بنا رہے ہیں۔

الرٹ میں کہا گیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ادارے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہیں،سیاح اور مسافر شدید بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں،بارشوں، دریاؤں کے بہاؤ اور حساس علاقوں کی مسلسل نگرانی جاری رکھی جائے،کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مقامی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں سے فوری رابطہ اور تعاون کریں،بارش، سیلابی صورتحال اور لینڈ سلائیڈنگ کے پیش نظر رابطہ سڑکوں کی بندش کا بھی خطرہ موجود ہے ۔

این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو حساس شاہراہوں اور پہاڑی علاقوں میں الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہیں،سیاح اور مسافر شمالی علاقوں کا سفر کرنے سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتحال ضرور چیک کریں ۔عوام موسم کی بروقت تازہ ترین صورتحال این ڈی ایم اے کی آفیشل ایپ‘پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ سے حاصل کر سکتے ہیں ۔

مزید خبریں