وزیر مملکت برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کھئیل داس کوہستانی نےکہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف، آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے کامیاب سفارتی اور ثالثی کردار کی بدولت دنیا کی 185 معیشتیں عالمی جنگ کی تباہی سے بچ گئیں
پاکستان نے دنیا کی معیشتوں کو جنگ کی تباہی سے بچایا،وزیراعظم نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کر کے عوام کو فوری ریلیف فراہم کر کے اپنا وعدہ پورا کر دیا، کھئیل داس کوہستانی

مزید خبریں
اسلام آباد۔19جون (اے پی پی):وزیر مملکت برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کھئیل داس کوہستانی نےکہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف، آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے کامیاب سفارتی اور ثالثی کردار کی بدولت دنیا کی 185 معیشتیں عالمی جنگ کی تباہی سے بچ گئیں ، جس سے پاکستان کے پاسپورٹ اور 25 کروڑ عوام کا وقار عالمی سطح پر بلند ہوا ہے۔ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہوتے ہی ملکی سطح پر بھی عوام کو فوری ریلیف فراہم کر کے وزیراعظم نے اپنا وعدہ پورا کر دیا ہے۔وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ جمہوریت میں ہر شخص کو اپنے نقطہ نظر کے اظہار کی آزادی ہے اور ٹی وی سکرینوں پر تنقید کرنے والوں پر کوئی قدغن نہیں، تاہم حکومت کی کارکردگی اور حالیہ قومی کامیابیوں پر کوئی سوالیہ نشان نہیں اٹھایا جا سکتا۔ معاشی چیلنجز کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماضی میں خطے کی جنگی صورتحال اور عالمی دباؤ کے باعث تیل کی قیمتیں بڑھی تھیں، مگر اب معیشت کودوبارہ ٹریک پر لایا جا رہا ہے۔جب دنیا کی بڑی جنگیں ڈائیلاگ کے ذریعے ختم ہو سکتی ہیں، تو ہم اپنے داخلی سیاسی اختلافات مذاکرات سے کیوں حل نہیں کر سکتے؟ ۔ انہوں نے اپوزیشن جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی ہماری سب سے بڑی سیاسی مخالف ہے، لیکن ملک کے وسیع تر مفاد اور اہم معاملات میں انہوں نے بھی حکومت کو سپورٹ کیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت ملک میں سیاسی استحکام کے لیے اپوزیشن کے ساتھ بامقصد بات چیت کے لیے مکمل تیار ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے بطور اپوزیشن لیڈر بھی ہمیشہ ‘چارٹر آف اکانومی’ پر زور دیا اور وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد بھی وہ خود چل کر اپوزیشن کے پاس گئے ہیں تاکہ تمام تصفیہ طلب معاملات کو افہام و تفہیم سے حل کیا جا سکے۔







