صوبائی وزیر صحت خلیق الرحمن کی صدارت میں ہیلتھ کیئر کمیشن کا اجلاس، صحت کے نظام میں معیار اور احتساب کے فروغ کے عزم کا اعادہ

خیبر پختونخوا کے وزیر صحت خلیق الرحمن نے ہیلتھ کیئر کمیشن کےاجلاس کی صدارت کی جس میں چیف ایگزیکٹو آفیسراور کمیشن کے دیگر اراکین سمیت سیکرٹری صحت شاہد اللہ خان اور محکمہ صحت کے متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی

پشاور۔ 19 جون (اے پی پی):خیبر پختونخوا کے وزیر صحت خلیق الرحمن نے ہیلتھ کیئر کمیشن کےاجلاس کی صدارت کی جس میں چیف ایگزیکٹو آفیسراور کمیشن کے دیگر اراکین سمیت سیکرٹری صحت شاہد اللہ خان اور محکمہ صحت کے متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ہیلتھ کیئر کمیشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے وزیر صحت کو کمیشن کی مجموعی کارکردگی، جاری اصلاحاتی اقدامات، ریگولیٹری سرگرمیوں، معائنہ جاتی کارروائیوں اور مستقبل کے اہداف کے حوالے سے ایک جامع بریفنگ دی جس میں صوبے بھر میں صحت کی سہولیات کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے کمیشن کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات اور درپیش چیلنجز پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔ سی ای او نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ صحت کی سہولیات کے معیار کو برقرار رکھنے اور ریگولیٹری فریم ورک کو مزید مؤثر بنانے کے حوالے سے متعدد انتظامی، مالی اور قانونی رکاوٹیں موجود ہیں۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ بعض موجودہ قوانین میں خامیوں کے باعث قواعد و ضوابط پر مؤثر عملدرآمد میں مشکلات پیش آتی ہیں۔ اسی طرح جرمانوں اور سزاؤں سے متعلق قانونی معاملات، جرمانوں کی عدم ادائیگی، غیر قانونی طور پر سیل شدہ مراکز کو دوبارہ کھولنے (De-sealing) کے واقعات، اور قانون شکن اداروں کے خلاف کارروائیوں کو مزید مؤثر بنانے کے لیے قانونی اصلاحات کی ضرورت ہے۔ اجلاس میں صحت کے شعبے میں معیار، مریضوں کی حفاظت، نجی و سرکاری صحت مراکز کی رجسٹریشن، لائسنسنگ، مانیٹرنگ اور احتساب کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کے مختلف پہلوؤں پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر کمیشن کی استعداد کار میں اضافے، افرادی قوت کی ضروریات، مالی وسائل کی دستیابی اور جدید ریگولیٹری نظام کے فروغ سے متعلق تجاویز بھی پیش کی گئیں۔ صوبائی وزیر صحت خلیق الرحمن نے کمیشن کی کارکردگی اور صحت کے شعبے میں معیاری خدمات کے فروغ کے لیے اس کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہیلتھ کیئر کمیشن صوبے میں محفوظ، معیاری اور ذمہ دارانہ طبی خدمات کے قیام میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے ریگولیٹری اداروں کو مضبوط بنانا ناگزیر ہے۔انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ہیلتھ کیئر کمیشن کی مالی، انتظامی اور قانونی ضروریات کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جائے گا تاکہ ادارہ اپنی ذمہ داریاں مزید مؤثر انداز میں انجام دے سکے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ کمیشن کو درپیش مسائل اور ضروریات کے حل کے لیے قابلِ عمل سفارشات مرتب کی جائیں اور ان پر جلد پیش رفت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت خیبر پختونخوا صحت کے نظام میں شفافیت، احتساب اور معیار کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ صحت کے شعبے میں اصلاحات کا مقصد نہ صرف عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنا ہے بلکہ مریضوں کے حقوق کا تحفظ اور صحت کے اداروں میں عوامی اعتماد کو مزید مضبوط بنانا بھی ہے۔ اجلاس کے اختتام پر صوبائی وزیر صحت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت ہیلتھ کیئر کمیشن کو مکمل تعاون فراہم کرے گی تاکہ صوبے بھر میں صحت کی خدمات کے معیار کو مزید بہتر بنایا جا سکے اور ایک مضبوط، مؤثر اور عوام دوست صحت کا نظام تشکیل دیا جا سکے۔

مزید خبریں