این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر کی جانب سے خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ جاری

این ڈی ایم اے نے خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا۔

اسلام آباد۔18اگست (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) کی جانب سے خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

منگل کو این ڈی ایم اے سے جاری بیان کے مطابق 19 تا 22 اگست 2026ء کے دوران خیبر پختونخوا کے حساس پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھنے کا امکان ہے۔ملاکنڈ، لوئر دیر، اپر دیر، شانگلہ، سوات، بٹگرام، آلائی، اپر و لوئر چترال، اپر کوہستان، لوئر کوہستان، کولائی پالس، مانسہرہ اور گلیات کے پہاڑی علاقوں کو لینڈ سلائیڈنگ کے حوالے سے حساس قرار دیا گیا ہے۔لینڈ سلائیڈنگ، پتھر گرنے اور ملبے کے بہائو کے باعث حساس پہاڑی سڑکوں پر عارضی یا طویل دورانیے کے لیے ٹریفک کی روانی متاثر اور سڑکوں کی بندش کا خدشہ ہے۔این-45 بٹ خیلہ، چکدرہ، دیر،متکنی روڈ،این-45، ایس-4 اے اور ایس-16 دیر ویلیز، این-90، این-95 چکدرہ، مینگورہ، مدین، بحرین، کالام، آلائی، پوکل اور گنگوال روڈز کو خصوصی طور پر حساس قرار دیا گیا ہے۔این-140 اور چترال، بونی، مستوج کوریڈور، این-45 دروش، لواری، چترال، چترال، گرم چشمہ روڈ بھی لینڈ سلائیڈنگ کے حوالے سے حساس ہیں۔قراقرم ہائی وے پر داسو، کومیلہ، سیو، پٹن، دوبیر، جیجل، پالس، کولائی تک رسائی کی سڑکیں جبکہ این-15 بالاکوٹ، کاغان، ناران اور ایبٹ آباد، گلیات، ٹھنڈیانی روڈز پر بھی لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔لینڈ سلائیڈنگ اور پتھر گرنے کے واقعات سے سڑکیں، پل، حفاظتی دیواریں اور دیگر بنیادی ڈھانچہ متاثر ہونے، ٹریفک میں خلل اور دور دراز علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہونے کا خدشہ ہے۔اچانک پہاڑی تودے گرنے اور ملبے کے بہائو سے مسافروں، ڈرائیوروں، مقامی آبادی اور پہاڑی ڈھلوانوں کے قریب قائم آبادیوں کو براہ راست خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔متعلقہ ضلعی انتظامیہ اور ادارے حساس پہاڑی ڈھلوانوں کی مسلسل نگرانی یقینی بنائیں اور کسی بھی ممکنہ لینڈ سلائیڈنگ کی صورت میں فوری کارروائی کے لیے ہنگامی ٹیمیں تیار رکھیں۔حساس پہاڑی سڑکوں پر ممکنہ رکاوٹوں اور ٹریفک کی روانی متاثر ہونے سے نمٹنے کے لیے ضروری مشینری، ریسکیو وسائل اور متبادل انتظامات پیشگی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔عوام اور مسافر لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے سے دوچار پہاڑی علاقوں اور سڑکوں پر غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔سفر سے قبل موسم اور سڑکوں کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہی حاصل کریں اور متعلقہ اداروں کی جانب سے بند کی گئی سڑکوں پر سفر سے مکمل گریز کریں۔پہاڑی علاقوں میں سفر کے دوران لینڈ سلائیڈنگ، پتھر گرنے یا ملبے کے بہائو کی صورت میں متاثرہ مقام سے محفوظ فاصلہ اختیار کریں اور انتظامیہ و ریسکیو اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔عوام این ڈی ایم اے کی آفیشل ایپ ’’پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ‘‘ سے موسم اور ممکنہ قدرتی آفات سے متعلق بروقت معلومات حاصل کریں۔