ایوب ٹیچنگ ہسپتال ایبٹ آباد میں سرجری کے عمل کو جدید شفاف اور مریض دوست بنانے کیلئے جامع منصوبہ بندی ہے۔
ایوب ٹیچنگ ہسپتال ایبٹ آباد میں سرجری کے عمل کو جدید شفاف اور مریض دوست بنانے کے لیے جامع منصوبہ بندی
ایبٹ آباد۔ 8 جون (اے پی پی):ایوب ٹیچنگ ہسپتال ایبٹ آباد میں سرجری کے عمل کو جدید شفاف اور مریض دوست بنانے کیلئے جامع منصوبہ بندی ہے۔ او پی ڈی سے آپریشن تک تمام مراحل کو ڈیجیٹل نظام کے تحت آسان اور موثر بنایا جائے گا۔ ترجمان ایوب ٹیچنگ ہسپتال کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ہسپتال میں مریضوں کو سرجری کی سہولیات مزید بہتر شفاف اور آسان بنانے کیلئے ایک جامع اور جدید نظام متعارف کرانے کی منصوبہ بندی جاری ہے، اس اقدام کا مقصد سرجری کے تمام مراحل کو منظم بروقت اور مریض دوست بنانا ہے تاکہ مریضوں کو غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اسی سلسلہ میں ہسپتال ڈائریکٹر ڈاکٹر سجاد احمد آفریدی کے دفتر میں آئی ٹی سسٹم کے حوالہ سے ایک اہم بریفنگ کا انعقاد کیا گیا۔
بریفنگ انجینئر شہریار علی نے دی جس میں سرجری بکنگ، آپریشن شیڈولنگ اور مریضوں کے ڈیجیٹل ریکارڈ کے نظام کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔ بریفنگ میں ڈین و سی ای او پروفیسر ڈاکٹر عرفان الدین خٹک، ہسپتال ڈائریکٹر ڈاکٹر سجاد احمد آفریدی، میڈیکل ڈائریکر ڈاکٹر عمران خان سمیت مختلف شعبہ جات کے چیئرپرسنز نے شرکت کی۔ شرکاء کو بتایا گیا کہ جب کوئی مریض او پی ڈی میں معائنہ کے بعد سرجری کیلئے موزوں قرار پائے گا تو اسے سرجری بکنگ آفس کے ذریعہ آن لائن رجسٹر کیا جائے گا، مریض کو فوری طور پر سرجری کی تاریخ اور وقت سے متعلق معلومات فراہم کی جائیں گی اور اس کے رجسٹرڈ موبائل نمبر پر بھی آگاہی دی جائے گی۔ اس نظام کے ذریعہ انتظار کے اوقات میں کمی ریکارڈ کی درستگی اور سرجری کے عمل میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔
بریفنگ کے دوران آن لائن پورٹلز، سرجنز اور متعلقہ عملہ کے اختیارات، مختلف ڈیجیٹل فارمز، رپورٹس اور مانیٹرنگ چارٹس کے بارے میں بھی شرکاء کو آگاہ کیا گیا۔ چیئرپرسنز نے اس نظام کو مریضوں کی سہولت اور ادارہ جاتی کارکردگی میں بہتری کیلئے ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔ اس موقع پر ہسپتال انتظامیہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بورڈ آف گورنرز کے وژن اور جدید طبی تقاضوں کے مطابق مریضوں کو معیاری، بروقت اور آسان طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔ جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال سے نہ صرف مریضوں کو بہتر خدمات میسر آئیں گی بلکہ ہسپتال کے انتظامی امور میں بھی مزید بہتری آئے گی۔









