9ویں پی بی سی سی بلائنڈ کرکٹ سپر لیگ 15 جون سے شروع ہوگی

پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل (پی بی سی سی) کے زیرِ اہتمام 9ویں پی بی سی سی بلائنڈ کرکٹ سپر لیگ 26-2025 کا انعقاد 15 سے 21 جون تک ایبٹ آباد میں ہوگاجہاں ملک بھر کے بہترین نابینا کرکٹرز اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے

اسلام آباد۔8جون (اے پی پی):پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل (پی بی سی سی) کے زیرِ اہتمام 9ویں پی بی سی سی بلائنڈ کرکٹ سپر لیگ 26-2025 کا انعقاد 15 سے 21 جون تک ایبٹ آباد میں ہوگاجہاں ملک بھر کے بہترین نابینا کرکٹرز اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔پیر کو پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ٹورنامنٹ کے تمام میچز اے پی ایس سکول کرکٹ گراؤنڈ ایبٹ آباد میں کھیلے جائیں گےجبکہ خیبر پختونخوا، پنجاب، سندھ اور بلوچستان کی ٹیمیں قومی اعزاز کے حصول کے لیے ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی۔ایک ہفتے پرمحیط اس ایونٹ میں ڈبل راؤنڈ رابن لیگ فارمیٹ اپنایا گیا ہےجس کے تحت تمام ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف دو، دو میچز کھیلیں گی۔

لیگ مرحلے کے اختتام پر پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست دو ٹیمیں 21 جون کو ہونے والے گرینڈ فائنل میں ٹائٹل کے لیے مقابلہ کریں گی۔ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ 15 جون کو کھیلا جائے گا۔ یہ لیگ نہ صرف نابینا کرکٹرز کو اپنی کھیلوں کی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کرے گی بلکہ مستقبل میں قومی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کے لیے باصلاحیت کھلاڑیوں کی نشاندہی اور تربیت میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل نے کھیلوں کے شائقین، میڈیا نمائندگان اور کرکٹ سے وابستہ حلقوں کو ایونٹ میں شرکت اور نابینا کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی دعوت دی ہے۔