ایچ ای سی کا اعلیٰ تعلیمی اداروں میں منشیات و تمباکو نوشی کے تدارک سے متعلق 2021 کی پالیسی پر عملدرآمد اور نگرانی کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس
ایچ ای سی کا اعلیٰ تعلیمی اداروں میں منشیات و تمباکو نوشی کے تدارک سے متعلق 2021 کی پالیسی پر عملدرآمد اور نگرانی کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس

مزید خبریں
اسلام آباد۔4ستمبر (اے پی پی):ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی)پاکستان نے اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری اور وفاقی علاقے کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں منشیات اور تمباکو نوشی کے تدارک سے متعلق ایچ ای سی کی 2021 کی پالیسی پر عملدرآمد اور نگرانی کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس کی صدارت ایچ ای سی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ضیاء الحق نے کی جبکہ اس میں ایچ ای سی کے متعلقہ حکام اور اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری پولیس کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں اعلیٰ تعلیمی اداروں کی باقاعدہ نگرانی، پالیسی پر عملدرآمد کو یقینی بنانے، عملدرآمد میں موجود خامیوں کی نشاندہی، مختلف اداروں کے درمیان رابطہ کاری کو مزید مؤثر بنانے اور آگاہی و احتیاطی اقدامات کو فروغ دینے سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر ڈاکٹر ضیاء الحق نے کہا کہ طلبہ کو منشیات اور تمباکو نوشی کے مضر اثرات سے محفوظ رکھنے کے لئے ایچ ای سی، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور اعلیٰ تعلیمی اداروں کو مشترکہ اور مستقل بنیادوں پر اقدامات کرنا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ تعلیمی اداروں میں محفوظ، صحت مند اور منشیات سے پاک تعلیمی ماحول کی فراہمی کے لئے پالیسی پر مؤثر عملدرآمد اور تمام متعلقہ اداروں کے درمیان قریبی تعاون ناگزیر ہے۔







