اسلام آباد۔25فروری (اے پی پی):ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی)نے اپنے فیکلٹی ایکسچینج پروگرام کے تحت بین الاقوامی جامعاتی روابط کو مزید مستحکم کرتے ہوئے پاکستان اور سری لنکا کے مابین اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں تعاون کو فروغ دیا ہے۔ پاکستان-سری لنکا ہائر ایجوکیشن کوآپریشن پروگرام کے تحت جامعہ پنجاب ڈاکٹر رافعہ رفیق نے سری لنکا کی ممتاز درسگاہ یونیورسٹی آف پیراڈینیا کا 12روزہ کامیاب تعلیمی دورہ مکمل کیا۔ …
ایچ ای سی کا فیکلٹی ایکسچینج پروگرام کے تحت پاکستان اور سری لنکا کے مابین اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں تعاون کافروغ

مزید خبریں
اسلام آباد۔25فروری (اے پی پی):ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی)نے اپنے فیکلٹی ایکسچینج پروگرام کے تحت بین الاقوامی جامعاتی روابط کو مزید مستحکم کرتے ہوئے پاکستان اور سری لنکا کے مابین اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں تعاون کو فروغ دیا ہے۔ پاکستان-سری لنکا ہائر ایجوکیشن کوآپریشن پروگرام کے تحت جامعہ پنجاب ڈاکٹر رافعہ رفیق نے سری لنکا کی ممتاز درسگاہ یونیورسٹی آف پیراڈینیا کا 12روزہ کامیاب تعلیمی دورہ مکمل کیا۔
دورے کے دوران ڈاکٹر رافعہ رفیق نے وائس چانسلر ڈاکٹر ٹیرنس مدھوجیتھ سے اعلیٰ سطحی ملاقات کی جس میں مشترکہ تحقیقی منصوبوں، مشترکہ اشاعتوں اور دوطرفہ تعلیمی تعاون کو وسعت دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ دونوں جامعات کے مابین تحقیق، فیکلٹی و طلبہ کے تبادلوں اور علمی اشتراک کو مزید منظم اور مؤثر بنایا جائے گا۔
ڈاکٹر رافعہ رفیق نے اپنے دورے کے دوران طلبہ کی ذہنی صحت کے موضوع پر خصوصی لیکچرز دیئے جبکہ ملٹی کلچرل کاؤنسلنگ اور نصاب سازی سے متعلق سیشنز کی قیادت بھی کی۔ ان سیشنز کا مقصد مختلف ثقافتی پس منظر رکھنے والے طلبہ کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے جامع اور مؤثر تعلیمی حکمت عملیوں کو فروغ دینا تھا۔
ایچ ای سی کے مطابق یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان علمی روابط کو مضبوط بنانے، علم کے تبادلے اور استعداد کار میں اضافے کے لئے اہم پیشرفت ہے جس کے ذریعے پاکستان اور سری لنکا کے مابین ایک مضبوط اور باہمی تعاون پر مبنی تحقیقی ماحولیاتی نظام کی تشکیل کی راہ ہموار ہوگی۔








