واسا ملتان فیلڈ اسٹاف کی حفاظت کو اولین ترجیح دیتاہے،منیجنگ ڈائریکٹر واسا ملتان

"جاں بحق ہونے والے دونوں افراد بی سی جی چوک کے قریب سیوریج لائن پر واسا ملتان کی سرکاری ڈیوٹی پر تعینات نہیں تھے اور نہ ہی انہیں واسا کی جانب سے کام کی کوئی ہدایت دی گئی تھی، فیصل شوکت”

ملتان۔ 22 اگست (اے پی پی):منیجنگ ڈائریکٹر واسا ملتان فیصل شوکت نے بی سی جی چوک کے قریب سیوریج لائن میں پیش آنے والے افسوسناک واقعہ کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جاں بحق ہونے والے دونوں افراد مذکورہ مقام پر واسا ملتان کی سرکاری ڈیوٹی پر تعینات نہیں تھے اور نہ ہی واسا کی جانب سے انہیں سیوریج لائن میں کام کرنے کی کوئی ہدایت یا ڈیوٹی تفویض کی گئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ دونوں افراد اپنی ذاتی حیثیت میں ایک نجی کنٹریکٹر کی معاونت کے لیے سیوریج لائن میں گئے تھے۔ واسا ملتان اس افسوسناک سانحہ پر متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کا شریک ہے۔ایم ڈی واسا نے مزید کہا ہے کہ واسا ملتان فیلڈ اسٹاف کی حفاظت کو اولین ترجیح دیتا ہے۔ سرکاری کام کے دوران مقررہ سیفٹی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد، ضروری حفاظتی آلات کی فراہمی اور فیلڈ میں مانیٹرنگ یقینی بنائی جاتی ہے۔ سیوریج لائنوں میں کام کا آغاز تمام حفاظتی اقدامات مکمل ہونے کے بعد ہی کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ فیلڈ آپریشنز میں حفاظتی انتظامات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے بھی مسلسل اقدامات جاری ہیں تاکہ سرکاری ڈیوٹی کے دوران ملازمین کی جان و سلامتی کو ہر ممکن حد تک یقینی بنایا جا سکے۔