ایچ ای سی کا نیشنل ریسرچ پروگرام برائے یونیورسٹیز کے تحت تحقیقی تجاویز جمع کرانے کیلئے درخواست فیس ختم کرنے اور جامعات کیلئے بعض شرائط میں نرمی کا اعلان
ایچ ای سی کا نیشنل ریسرچ پروگرام برائے یونیورسٹیز کے تحت تحقیقی تجاویز جمع کرانے کیلئے درخواست فیس ختم کرنے اور جامعات کیلئے بعض شرائط میں نرمی کا اعلان

مزید خبریں
اسلام آباد۔8ستمبر (اے پی پی):ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے نیشنل ریسرچ پروگرام برائے یونیورسٹیز (این آر پی یو) 2026-27 کے تحت تحقیقی تجاویز جمع کرانے کے لیے درخواست فیس ختم کرنے اور جامعات کے لیے بعض شرائط میں نرمی کا اعلان کیا ہے۔ ایچ ای سی کی جانب سے جاری کوریجنڈم کے مطابق این آر پی یو 2026-27 کے لیے تحقیقی تجاویز جمع کرانے والے درخواست دہندگان سے 5 ہزار روپے کی درخواست فیس وصول نہیں کی جائے گی۔ اس سے قبل درخواست فیس موبائل یا انٹرنیٹ بینکنگ کے ذریعے ون لنک/ون بل سروس کے ذریعے ادا کرنے کی شرط عائد تھی۔
کوریجنڈم میں جامعات سے متعلق ایک اور اہم شرط میں بھی نرمی کی گئی ہے۔ اب ایسی جامعات جن کے پانچ سے زائد تاخیر شدہ یا غیر طے شدہ این آر پی یو کیسز موجود ہوں، بھی موجودہ کال کے تحت تحقیقی تجاویز جمع کرانے کی اہل ہوں گی تاہم انہیں اصل اشتہار میں بیان کردہ دیگر اہلیت کے معیار اور ضروریات پر پورا اترنا ہوگا۔
ایچ ای سی کے مطابق این آر پی یو کے اصل اشتہار کی دیگر تمام شرائط و ضوابط، اہلیت کے معیار اور ضروریات میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ واضح رہے کہ این آر پی یو 2026-27 کے تحت تحقیقی تجاویز کے لیے کال کا اشتہار 6 ستمبر 2026ء کو قومی اخبارات میں شائع کیا گیا تھا جبکہ یہ کوریجنڈم اصل اشتہار کا لازمی حصہ تصور کیا جائے گا۔








