صدر پی ایم اینڈ ڈی سی کا آرمڈ فورسز پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ کا دورہ

پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم اینڈ ڈی سی) کے صدر پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج نے آرمڈ فورسز پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ (اے ایف پی جی ایم آئی) کا دورہ کیا جہاں انہیں ادارے کی تعلیمی، تربیتی اور صحت عامہ کی سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

اسلام آباد۔8ستمبر (اے پی پی):پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم اینڈ ڈی سی) کے صدر پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج نے آرمڈ فورسز پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ (اے ایف پی جی ایم آئی) کا دورہ کیا جہاں انہیں ادارے کی تعلیمی، تربیتی اور صحت عامہ کی سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔منگل کو جاری بیان کے مطابق پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج کی آمد پر انتظامی بلاک میں کمانڈنٹ، ڈپٹی کمانڈنٹ اور ڈائریکٹر ٹریننگ نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کمانڈنٹ سے ملاقات اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔

بعد ازاں، ایم سی آر انتظامی بلاک میں انہیں ادارے کے تعلیمی اور تربیتی ڈھانچے، جاری سرگرمیوں اور مختلف شعبہ جات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی جس میں اعلیٰ افسران اور شعبہ جات کے سربراہان نے شرکت کی۔ اس کے بعد پی ایم اینڈ ڈی سی کے صدر نے فیکلٹی ارکان کے ساتھ ایک تعاملی نشست میں شرکت کی۔ پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج نے فاروقی آڈیٹوریم اور ایم بی ایس لائبریری کا بھی دورہ کیا جہاں انہیں دستیاب سہولیات اور تعلیمی سرگرمیوں میں ان کے کردار سے آگاہ کیا گیا۔

ٹریننگ ونگ کے دورے کے دوران پی ایم اینڈ ڈی سی کے صدر نے فیکلٹی ارکان اور ایم ایس سی کے طلبہ سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ تعلیمی و تربیتی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ دورے کے موقع پر انہیں محکمے کی مختلف سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی جبکہ بیماریوں کی ابتدائی نشاندہی اور نگرانی کے نظام (ڈی ای ڈبلیو ایس) کے ڈیش بورڈ کا عملی مظاہرہ بھی دکھایا گیا۔ دورے کے اختتام پر پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج نے وزیٹرز بک میں اپنے تاثرات درج کئے۔ کمانڈنٹ نے انہیں یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔

مزید خبریں