ایچ ای سی کے زیر اہتمام جامعات کے فیکلٹی ارکان کیلئے چار روزہ تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا جائے گا

ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن (ناہی) کے زیر اہتمام جامعات کے فیکلٹی ارکان کے لیے ’’مصنوعی ذہانت سے آگاہی‘‘ کے موضوع پر چار روزہ تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا جائے گا۔

اسلام آباد۔25اگست (اے پی پی):ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن (ناہی) کے زیر اہتمام جامعات کے فیکلٹی ارکان کے لیے ’’مصنوعی ذہانت سے آگاہی‘‘ کے موضوع پر چار روزہ تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا جائے گا۔

ایچ ای سی کے مطابق تربیتی پروگرام کا مقصد اساتذہ کو مصنوعی ذہانت کے عملی علم اور مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے تاکہ وہ اسے نصاب کی تیاری، تدریس، تعلیمی عمل، امتحانی جائزے، تحقیق اور انتظامی امور میں مؤثر طور پر بروئے کار لا سکیں۔ چار روزہ تربیتی پروگرام 27، 28 اور 31 اگست جبکہ یکم ستمبر 2026ء کو صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک منعقد ہوگا۔

تربیتی سرگرمیاں ملک بھر کی تقریباً 100 جامعات کے سمارٹ کلاس رومز میں منعقد کی جائیں گی۔ایچ ای سی کے مطابق پروگرام میں مستقل بنیادوں پر کام کرنے والے کل وقتی فیکلٹی ارکان شرکت کے اہل ہوں گے جبکہ نئے تعینات ہونے والے فیکلٹی ارکان کو ترجیح دی جائے گی۔

ایچ ای سی نے جامعات کو ترغیب دی ہے کہ وہ ہر اسمارٹ کلاس روم کی گنجائش کے مطابق موزوں فیکلٹی ارکان کو اس اہم استعداد کار بڑھانے کے پروگرام میں شرکت کے لیے نامزد کریں تاکہ اعلیٰ تعلیم کے اداروں کو مصنوعی ذہانت سے ہم آہنگ بنانے کی کوششوں کو آگے بڑھایا جا سکے۔