کراچی کنگز نے ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 کے 37ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو9 وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔ قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس اہم میچ میں کراچی نے 196 رنز کا مشکل ہدف محض ایک وکٹ کے نقصان پر 18.4 اوورز میں حاصل کر کے پلے آف کی دوڑ میں اپنی پوزیشن مزید مستحکم کر لی ہے۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل گیارہ،کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو9 وکٹوں سے ہرا کر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا

مزید خبریں
لاہور۔25اپریل (اے پی پی):کراچی کنگز نے ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 کے 37ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو9 وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔ قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس اہم میچ میں کراچی نے 196 رنز کا مشکل ہدف محض ایک وکٹ کے نقصان پر 18.4 اوورز میں حاصل کر کے پلے آف کی دوڑ میں اپنی پوزیشن مزید مستحکم کر لی ہے۔
کراچی کنگز کے تعاقب کی خاص بات کپتان ڈیوڈ وارنر اور ریزا ہینڈرکس کے درمیان 141 رنز کی ناقابلِ شکست شراکت رہی۔ جیسن رائے 15 گیندوں پر 20 رنز بنا کر جہانداد خان کا شکار ہوئے، جس کے بعد ہینڈرکس نے وارنر کا ساتھ دیا۔ دونوں بلے بازوں نے کوئٹہ کے بائولنگ اٹیک کو بے بس کر دیا۔ ڈیوڈ وارنر نے سیزن کی چھٹی نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے 48 گیندوں پر 89 رنز بنائے جس میں 10چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔
دوسری جانب ریزا ہینڈرکس نے بھی جارحانہ بلے بازی کی اور 48 گیندوں پر 87 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 8 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔ قبل ازیں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو آغاز میں انتہائی غلط ثابت ہوا۔ حسن علی نے پہلے ہی اوور میں شامل حسین اور خواجہ نافع کو صفر پر آئوٹ کر دیا ۔ اس بحرانی صورتحال میں کپتان سعود شکیل اور رائلی روسو نے ٹیم کو سنبھالا اور 148 رنز کی ریکارڈ ساز شراکت قائم کی۔روسو نے 54 گیندوں پر 90 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی جبکہ سعود شکیل نے 34 گیندوں پر 57 رنز بنائے۔ 15ویں اوور میں رضوان اللہ نے سعود شکیل کو آئوٹ کر کے یہ جوڑی توڑ دی۔
اس کے بعد عباس آفریدی نے روسو کو پویلین بھیج کر کوئٹہ کی رنز بنانے کی رفتار کو بریک لگا دی۔ دنیش چندیمل نے آخر میں 30 رنز کی اننگز کھیل کر سکور 195 تک پہنچایا۔کراچی کنگز کی جانب سے عباس آفریدی، حسن علی اور رضوان اللہ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ کوئٹہ کے بائولرز کراچی کے بلے بازوں پر دبائو ڈالنے میں ناکام رہے اور جہانداد خان کے علاوہ کوئی بھی بائولر وکٹ حاصل نہ کر سکا۔اس فتح کے ساتھ کراچی کنگز نے ٹورنامنٹ میں اپنی پیش قدمی جاری رکھی جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لیے ایونٹ کا سفر مایوس کن شکست کے ساتھ ختم ہو گیا ہے۔








