راولپنڈی ۔19دسمبر (اے پی پی):سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے سلطنت عمان کے شاہی دفتر کے وزیر، کمانڈر رائل نیوی آف عمان اور کمانڈر نیشنل ڈیفنس کالج سے الگ الگ ملاقاتیں کیں جس میں بحرِ ہند کی سکیورٹی صورتحال اور مشترکہ دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک بحریہ کے سربراہ جو کہ عمان کے سرکاری دورہ پر ہیں نے عمان کے سول و عسکری حکام سے ملاقاتیں کیں جس میں انہوں نے قزاقی اور اسمگلنگ کی روک تھام میں پاک بحریہ کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان بحریہ دیگر علاقائی ممالک کے ساتھ مل کر میری ٹائم سیکورٹی کے فروغ کی مضبوط حامی ہے۔
عمان کے سول و عسکری حکام نے علاقائی بحری امن و استحکام کے قیام میں پاک بحریہ کے کردار کو سراہا۔بعد ازاں؛ نیول چیف نے سید بن سلطان نیول بیس، رائل عمان بحریہ کے بحری جہاز، میری ٹائم سکیورٹی سینٹر، نیشنل ڈیفنس کالج ، ملٹری ٹیکنیکل کالج اور سلطان قابوس نیول اکیڈمی سمیت اہم بحری تنصیبات کا دورہ بھی کیا۔نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف کے اس دورے سے دونوں برادر ممالک کے مابین تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔