ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹر راولپنڈی عبدالرحمن خان نے اسسٹنٹ کمشنر گوجرخان کے ہمراہ تحصیل ہیڈکوارٹر (ٹی ایچ کیو) ہسپتال گوجرخان کا دورہ کیا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کا ٹی ایچ کیو ہسپتال گوجرخان کا دورہ، طبی سہولیات کا جائزہ

مزید خبریں
راولپنڈی۔ 22 جون (اے پی پی):ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹر راولپنڈی عبدالرحمن خان نے اسسٹنٹ کمشنر گوجرخان کے ہمراہ تحصیل ہیڈکوارٹر (ٹی ایچ کیو) ہسپتال گوجرخان کا دورہ کیا۔ دورہ کے دوران ہسپتال میں جاری صفائی اور ڈیپ کلیننگ کے انتظامات، مختلف شعبہ جات کی کارکردگی، عملے کی حاضری اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا گیا
۔انہوں نے ہسپتال کے مختلف وارڈز اور شعبوں کا معائنہ کرتے ہوئے ادویات کی دستیابی، طبی آلات کی فعالیت اور مریضوں کے لیے فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے بھی ملاقات کی اور علاج معالجے، ادویات کی فراہمی اور عملے کے رویے کے بارے میں دریافت کیا۔ مریضوں نے ہسپتال میں فراہم کی جانے والی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عبدالرحمن خان نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق عوام کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ صفائی کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھا جائے، ادویات کی مسلسل دستیابی یقینی بنائی جائے اور مریضوں کے ساتھ خوش اخلاقی اور بہترین پیشہ ورانہ رویہ اختیار کیا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ راولپنڈی عوامی فلاح و بہبود کے اداروں کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے تاکہ شہریوں کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ دورہ کے اختتام پر انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے عوامی خدمت کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔








