ایڈ سمتھ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر مقرر

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی)نے سابق قومی سلیکٹر ایڈ سمتھ کو نان ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے طور پر اپنے بورڈ میں شامل کرنے کا اعلان کیا ہے۔برطانوی خبر رساں ادارے بی بی سی کے مطابق ایڈ سمتھ مڈل سیکس اور کینٹ کاؤنٹیز کی نمائندگی کر چکے ہیں اور 3 ٹیسٹ میچز بھی کھیل چکے ہیں، یکم اکتوبر کو اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

لندن۔23اپریل (اے پی پی):انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی)نے سابق قومی سلیکٹر ایڈ سمتھ کو نان ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے طور پر اپنے بورڈ میں شامل کرنے کا اعلان کیا ہے۔برطانوی خبر رساں ادارے بی بی سی کے مطابق ایڈ سمتھ مڈل سیکس اور کینٹ کاؤنٹیز کی نمائندگی کر چکے ہیں اور 3 ٹیسٹ میچز بھی کھیل چکے ہیں، یکم اکتوبر کو اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ وہ اس وقت میریلبون کرکٹ کلب کی صدارت کے ایک سالہ دورانیے کی تکمیل کے بعد یہ کردار اختیار کریں گے۔انہوں نے 2018 سے 2021 تک انگلینڈ کی مردوں کی ٹیم کے سلیکٹر کے طور پر خدمات انجام دیں، جس دوران انگلینڈ نے 2019 میں اپنے ہوم گراؤنڈ پر عالمی کپ جیتا۔

کرکٹ بورڈ کے مطابق ایڈ سمتھ کا کردار حکمت عملی، گورننس اور کارکردگی کے معاملات میں نگرانی اور رہنمائی فراہم کرنا ہوگا تاکہ پورے کھیل کے طویل المدتی منصوبوں کو بہتر بنایا جا سکے۔یہ تقرری اس وقت سامنے آئی ہے جب انگلینڈ کی ٹیم کو حالیہ ایشیز سیریز میں آسٹریلیا کے خلاف 1-4 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد ٹیم کی تیاری، روئیے اور پیشہ ورانہ کارکردگی پر شدید تنقید کی گئی۔ایڈ سمتھ اس عہدے پر بیرونس زہیدہ منظور کی جگہ لیں گے، جنہوں نے اپنی 3 سالہ مدت مکمل کر لی ہے۔انگلینڈ کے بین الاقوامی سیزن کا آغاز 10مئی کو خواتین کی نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سیریز سے ہوگا جبکہ مردوں کی ٹیم 4 جون کو اسی حریف کے خلاف ٹیسٹ میچ سے اپنی مہم شروع کرے گی۔