ایکواڈور میں کار بم دھماکا، ایک شخص ہلاک، 2 زخمی

ایکواڈور کے جنوبی ساحلی صوبے ایل اورو میں کار بم دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے۔

کوئٹو۔17ستمبر (اے پی پی):ایکواڈور کے جنوبی ساحلی صوبے ایل اورو میں کار بم دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے۔

شنہوا کےمطابق پولیس نے بتایاکہ دھماکا پاساجے کینٹن کے لاس لوریلس علاقے میں ہوا، جہاں یکے بعد دیگرے 3 دھماکوں سے مقامی آبادی میں خوف و ہراس پھیل گیا۔واقعے کے بعد حکام نے قریبی آبادی کے تحفظ اور جائے وقوعہ کو محفوظ رکھنے کے لیے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

ایل اورو کے زون 7 کے پولیس کمانڈر ریناٹو گونزالیز نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ دھماکے اس وقت ہوئے جب مبینہ طور پر دھماکا خیز مواد سے لدی ایک گاڑی ایک مکان کے سامنے کھڑی کی گئی، جس کے بعد ہونے والے دھماکے سے مکان اور قریبی گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔

انہوں نے کہا کہ بظاہر حملے کا ہدف ’’نینڈو‘‘ نامی مشتبہ جرائم پیشہ شخص کے رشتہ داروں کے گھر تھے۔ حکام اس بات کی تحقیقات کر رہے ہیں کہ آیا واقعہ جرائم پیشہ گروہوں کے درمیان تنازع سے منسلک تھا۔یہ حملہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب حکومت نے بڑھتے ہوئے تشدد پر قابو پانے کے لیے 8 صوبوں میں نئی ہنگامی حالت نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے، جن میں ایل اورو بھی شامل ہے۔