پیرس۔18جولائی (اے پی پی):ایکواڈور کے سائیکلسٹ رچرڈ کاراپاز نے ٹوور ڈی فرانس سائیکل ریس کا 17واں مرحلہ جیت لیا،ان کی ریس میں یہ پہلی فتح ہے۔ سپین سے ٹوورڈی فرانس سائیکل ریس کے 111 ویں ایڈیشن کا آغاز ہواجو فرانس میں تاحال جاری ہے ، اس میں دنیا بھر کی سائیکلنگ کی 22ٹیموں کے نامور سائیکل سوار ٹائٹل کے حصول کے لئے کوشاں ہیں۔
ریس کے 17ویں مرحلے میں سائیکل سواروں نے فرانس میں سینٹ پال ٹروئس چیٹو سے سپر ڈیوولی تک کا 177.8 کلو میٹر فاصلہ طے کرنا تھا جو پہاڑی راستے پر تھا،ایکواڈور کے 31 سالہ سائیکلسٹ رچرڈ کاراپاز نے عمدہ سائیکلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے یہ فاصلہ 4 گھنٹے 06منٹ اور 13 سیکنڈز میں طے کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی،31 سالہ برطانوی سائیکل سوار سائمن یٹس نے دوسری اور 29 سالہ ہسپانوی سائیکلسٹ اینرک ماس نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
سلووینیا کے سائیکلسٹ تڈیج پوگاآر نے چوتھا مرحلہ جیتنے کے ساتھ ساتھ ایکواڈور کے سائیکل سوار سے یلو جرسی چھین لی تھی جس پر ان کا تاحال قبضہ برقرار ہے ۔ ٹوور ڈی فرانس سائیکل ریس 21 مرحلوں پر محیط ہے جس میں سائیکل سوار 3,498کلو میٹر کا سفر طے کریں گے ،ریس میں 22 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے ایکشن میں ہیں ۔
ٹوور ڈی فرانس سائیکل ریس 24 روز جاری رہنے کے بعد 21 جولائی کو اختتام پذیر ہوگی،اس میں ٹیم جمبو ویزما کے ڈینش سائیکل سوار جوناس ونجیگارڈ راسموسن اپنے اعزاز کے دفاع کے لئے کوشاں ہیں ۔ اس ریس کا پہلا ایڈیشن 1903میں ہوا جو فرانسیسی سائیکل سوار مورس فرانسس گارین نے جیتا تھا۔