ایک صحت مند قوم ہی ترقی یافتہ اور مستحکم ریاست کی بنیاد ہوتی ہے، سردار ایاز صادق

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نےکہا ہے کہ ایک صحت مند قوم ہی ترقی یافتہ اور مستحکم ریاست کی بنیاد ہوتی ہے۔ پیر عالمی یوم صحت کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ عالمی یومِ صحت ہمیں اس امر کی یاد دہانی کراتا ہے کہ عوام کو معیاری، بروقت اور مساوی طبی سہولیات کی فراہمی ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

اسلام آباد۔6اپریل (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نےکہا ہے کہ ایک صحت مند قوم ہی ترقی یافتہ اور مستحکم ریاست کی بنیاد ہوتی ہے۔ پیر عالمی یوم صحت کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ عالمی یومِ صحت ہمیں اس امر کی یاد دہانی کراتا ہے کہ عوام کو معیاری، بروقت اور مساوی طبی سہولیات کی فراہمی ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان کو صحت کے شعبے میں متعدد چیلنجز درپیش ہیں جن میں طبی سہولیات تک محدود رسائی، وسائل کی کمی اور تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لئے مربوط حکمتِ عملی، پائیدار پالیسی سازی اور عملی اقدامات ناگزیر ہیں تاکہ ہر شہری کو بنیادی صحت کی سہولیات بلا امتیاز فراہم کی جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت اور متعلقہ ادارے صحت کے شعبے کی بہتری کے لئے اقدامات کر رہے ہیں تاہم اس ضمن میں مزید مؤثر اور مربوط کوششوں کی ضرورت ہے بالخصوص دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں صحت کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ احتیاطی تدابیر، صحت مند طرزِ زندگی اور مؤثر آگاہی مہمات کے ذریعے بیماریوں کی روک تھام کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ عالمی یومِ صحت کے موقع پر ہمیں اس عزم کی تجدید کرنی چاہئے کہ ہم ایک صحت مند معاشرے کے قیام کے لئے اپنی اجتماعی ذمہ داریوں کو پورا کریں گے اور ملک کے صحت کے نظام کو مزید مضبوط اور مؤثر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

 

مزید خبریں
اوٹاوا میں پرچم کشائی، قائداعظم کے وژن اور پاکستان کے عزم و اتحاد کو اجاگر کیا گیا اوٹاوا۔15اگست (اے پی پی):کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا میں پاکستان کے ہائی کمیشن جبکہ مونٹریال، ٹورنٹو اور وینکوور میں قائم پاکستان کے تینوں قونصل جنرلز نے پاکستان کا 80واں یومِ آزادی اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یومِ پیدائش کی سال بھر جاری رہنے والی تقریبات منائیں۔اوٹاوا میں ہائی کمیشن کی چانسری میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان کی آزادی، قائداعظم محمد علی جناح کے وژن اور پاکستانی قوم کے عزم و اتحاد کو اجاگر کیا گیا۔ اس موقع پر صدرِ پاکستان، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کے خصوصی پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔یومِ آزادی کی تقریبات کے ساتھ قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یومِ پیدائش کی سال بھر جاری رہنے والی تقریبات کا بھی آغاز کیا گیا۔ اس موقع پر قائداعظم کی زندگی، قیادت اور قیامِ پاکستان کے لیے تاریخی جدوجہد کو اجاگر کرنے والی دستاویزی فلم پیش کی گئی جبکہ قائداعظم کی زندگی کے اہم لمحات اور پاکستان کی تاریخ کے نمایاں سنگِ میل پر مبنی ڈیجیٹل تصویری نمائش بھی منعقد کی گئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہائی کمشنر محمد سلیم نے پاکستان کے 80ویں یومِ آزادی پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی لازوال خدمات اور ورثے کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت قائداعظم کے ایک پُرامن، جمہوری اور خوشحال پاکستان کے وژن کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے۔ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان مستقبل میں بھی ریاستوں کے درمیان امن، مذاکرات، تعاون اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کینیڈا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے عوامی سطح پر روابط مضبوط بنانے میں اہم کردار کو بھی اجاگر کیا۔تقریب میں گریٹر اوٹاوا کے علاقے سے پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں اور پاکستان کے دوستوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پاکستانی خاندانوں، بالخصوص نوجوانوں کی پُرجوش شرکت نے حب الوطنی کے جذبے کی بھرپور عکاسی کی۔شرکا نے ملک کے دفاع اور قومی امنگوں کی تکمیل کے لیے پاکستان کی مسلح افواج اور عوام کی بہادری و قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔شرکا نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ قائداعظم محمد علی جناح کا 150واں یومِ پیدائش نوجوان نسل کو ان کے اصولوں، دوراندیشی اور پاکستان کے لیے ان کے وژن سے رہنمائی حاصل کرنے کی ترغیب دیتا رہے گا۔