ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری اور سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد سیکٹر ایف12 اور جی12 کا باضابطہ اجرا کیا جائے گا،فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی

فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی (ایف جی ای ایچ اے ) نے واضح کیا ہے کہ سیکٹر ایف -12 اور جی -12 کے منصوبوں کے اجرا ء سے قبل ایگزیکٹو بورڈ سے باقاعدہ منظوری حاصل کی جائے گی

اسلام آباد۔28اپریل (اے پی پی):فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی (ایف جی ای ایچ اے ) نے واضح کیا ہے کہ سیکٹر ایف -12 اور جی -12 کے منصوبوں کے اجرا ء سے قبل ایگزیکٹو بورڈ سے باقاعدہ منظوری حاصل کی جائے گی جبکہ مقامی آبادی، لینڈ اونرز اور دیگر سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر تمام معاملات باہمی افہام و تفہیم اور مشاورت کے بعد طے کئے جائیں گے۔اتھارٹی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ دونوں سیکٹرز اس کے دائرہ اختیار میں آتے ہیں اور اس وقت ابتدائی تکنیکی مراحل میں ہیں۔ اتھارٹی نے مزید بتایا کہ کسی بھی باقاعدہ لانچ سے قبل تمام قانونی اور انتظامی تقاضے مکمل کئے جائیں گے۔اس ضمن میں منگل کو ’’اے پی پی ‘‘سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ترجمان فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی نے کہا کہ اتھارٹی نے واضح کر دیا ہے کہ تاحال سیکٹر F-12 اور G-12 کے اجرا ء کی کوئی حتمی تاریخ مقرر نہیں کی گئی اور یہ منصوبے فی الوقت تکنیکی مراحل میں ہیں۔ترجمان نے عوام سے اپیل کی کہ وہ معلومات کے لئے صرف مستند اور سرکاری ذرائع پر انحصار کریں اور سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی غیر مصدقہ خبروں پر انحصار نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی باضابطہ اعلان کا اجرا ء مناسب وقت پر مجاز پلیٹ فارمز کے ذریعے کیا جائے گا۔فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی نے اس بات کی بھی یقین دہانی کرائی کہ اس پورے عمل کے دوران مقامی آبادی کے حقوق اور مفادات کا مکمل تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔ترجمان کے مطابق سیکٹر F-12 کو علیحدہ طور پر یا دونوں سیکٹرز کو بیک وقت لانچ کیا جا سکتا ہے تاہم اس حوالے سے ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ لانچ کے بعد یہ سیکٹرز نہ صرف سرکاری ملازمین بلکہ عام شہریوں کو بھی رہائشی سہولیات فراہم کریں گے۔\395