ای او بی آئی کی پنشنرز کو 54 ارب روپے سے زائد ادائیگیاں

اقتصادی سروے 2025-26 کے مطابق ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹی ٹیوشن نے مالی سال 2025-26 کے پہلے نو ماہ کے دوران پنشنرز کو مختلف مدات میں 54.29 ارب روپے سے زائد کی ادائیگیاں کیں جس سے لاکھوں مستحق افراد کو مالی سہارا فراہم ہوا۔

اسلام آباد۔11جون (اے پی پی):اقتصادی سروے 2025-26 کے مطابق ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹی ٹیوشن نے مالی سال 2025-26 کے پہلے نو ماہ کے دوران پنشنرز کو مختلف مدات میں 54.29 ارب روپے سے زائد کی ادائیگیاں کیں جس سے لاکھوں مستحق افراد کو مالی سہارا فراہم ہوا۔سروے رپورٹ کے مطابق جولائی 2025ء سے مارچ 2026ء تک ای او بی آئی کی جانب سے مجموعی طور پر 54 ارب 29 کروڑ 24 لاکھ 50 ہزار روپے پنشن اور دیگر فوائد کی مد میں تقسیم کیے گئے۔

اعداد و شمار کے مطابق اولڈ ایج پنشن سب سے بڑی مد رہی جس کے تحت 31 ارب 53 کروڑ 53 لاکھ روپے ادا کیے گئے۔ اسی عرصے میں ورثاء پنشن کی مد میں 21 ارب 36 کروڑ 99 لاکھ روپے ادا کیے گئے جس سے انتقال کر جانے والے بیمہ شدہ کارکنوں کے اہل خانہ کو مالی تحفظ فراہم کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق معذوری پنشن کی مد میں 58 کروڑ 84 لاکھ روپے جبکہ اولڈ ایج گرانٹ کی مد میں 79 کروڑ 86 لاکھ روپے کی ادائیگیاں کی گئیں۔

اقتصادی سروے میں کہا گیا ہے کہ اولڈ ایج اور ورثاء پنشن ای او بی آئی کی جانب سے دی جانے والی مجموعی مالی معاونت کا سب سے بڑا حصہ رہیں جو ادارے کے سماجی تحفظ کے نظام میں کلیدی کردار کو اجاگر کرتا ہے۔

 

مزید خبریں