ای سی او ایس ایف کا نیشنل الیکٹرک وہیکل ٹیکنالوجی انوویشن سینٹر چین کے تعاون سے ای سی او ممالک کے لئے بین الاقوامی تربیتی ورکشاپ

132
ECOSF
ECOSF

اسلام آباد۔24فروری (اے پی پی):ای سی او سائنس فائونڈیشن (ای سی او ایس ایف)نیشنل الیکٹرک وہیکل ٹیکنالوجی انوویشن سینٹر چین کے تعاون سے اپریل میں چین کے شہر بیجنگ میں ”ای سی او کے رکن ممالک کے لئے برقی نقل و حمل”کے موضوع پر ایک بین الاقوامی تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کرے گی۔ 15 سے 29 اپریل تک منعقد ہونے والی یہ ورکشاپ ای سی او کے رکن ممالک میں برقی نقل و حمل کو بڑھانے کے لئے ضروری بصیرت ، علم اور حکمت عملی حاصل کرنے کے لئے ٹھوس معلومات کے ساتھ ساتھ متعلقہ پیشہ ور افراد کو شرکت کا ایک منفرد موقع فراہم کرے گی۔

ای سی او ایس ایف کے مطابق شرکت کرنے والوں کو مقامی مہمان نوازی فراہم کریں گے، جس میں رہائش، کھانا اور تربیت کے مقامی نقل و حمل کیاخراجات شامل ہیں جبکہ شرکا کو بیجنگ کے فضائی سفر کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی ، ورکشاپ کا مقصد الیکٹرک وہیکل(ای وی) کی ترقی میں شرکا کی تکنیکی صلاحیت کو بڑھانا اور چین کی ای وی مصنوعات اور ٹیکنالوجیزکا براہ راست علم فراہم کرنا ہے۔

ورکشاپ کے اہم شعبوں میں ریگولیشنز اینڈ انسپکشن، ڈویلپمنٹ ماڈلز، گاڑیوں کا ڈیزائن اور ٹیکنالوجی، انڈسٹری کے رجحانات اور مستقبل کے امکانات اور تکنیکی ترقی اور پائیداری شامل ہیں۔ اس ورکشاپ میں آٹوموٹیو اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں ای سی او کے رکن ممالک کے سرکاری حکام، کاروباری افراد، صنعتی پریکٹیشنرز اور ریسرچ اسکالرز کی شرکت متوقع ہے۔

بہترین انگریزی کمیونیکیشن کی مہارت، آٹوموبائل، نقل و حمل، یا صاف توانائی جیسی صنعتوں میں متعلقہ کام کا تجربہ اور اپنی گھریلو آٹوموٹو صنعت کی موجودہ ترقی کی حیثیت پر رپورٹ فراہم کرنے کی صلاحیت رکھنے والے شرکا ورکشاپ میں شرکت کریں گے۔ یہ موقع شرکا کو ای سی او کے رکن ممالک کے ماہرین کے ساتھ نیٹ ورکنگ کا موقع فراہم کرکے بین الاقوامی تعاون میں اضافہ کرے گا۔ تربیتی ورکشاپ شرکا کو جدید ترین کاروباری اداروں کا دورہ کرنے کا بھی موقع فراہم کرے گی اور چین کے ای وی شعبہ کے رہنمائوں کے ساتھ صنعت کے تبادلے کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔