لاہور۔2جنوری (اے پی پی):وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان کی زیر صدارت ٹرانسپورٹ ہائوس میں ای ٹیکسی پر تجاویز اور مشاورت کیلئے سیمنار کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف سرکاری محکموں کے حکام، الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی کمپنیوں، ٹرانسپوٹرز اور سٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔ سیکرٹری ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ احمد جاوید قاضی نے شرکاکو سکیم کے بنیادی پہلوئوں سے آگاہ کیا۔ سیمینار کے شرکاکو ای ٹیکسی سکیم کے تمام پہلوو ں پر اوپن بحث کا موقع فراہم کیا گیا۔ اس دوران ای ٹیکسی کیلئے الیکٹرک گاڑیوں کی اقسام، قیمتوں، سروس اور تیکنیکی معاملات پر گفتگو کی گئی اور اس کے علاوہ ای ٹیکسی سمیت دیگر الیکٹرک گاڑیوں کے لیے بھی چارجنگ اسٹیشنز
بیٹریوں کے معیار اور سپیئر پارٹس کی آسانی سے فراہمی پر مختلف تجاویز پیش کی گئیں۔ اس موقع پر الیکٹرک گاڑیاں فراہم کرنے والی کمپنیوں کا ای ٹیکسی سکیم میں بھرپور دلچپسی کا اظہار بھی سامنے آیا۔ الیکٹرک کمپنیوں نے اپنی گاڑیوں سے متعلق بریفنگ بھی دی۔ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے اعلان کے مطابق بیروزگار افراد کیلئے ای ٹیکسی سکیم شروع کرنے جا رہے ہیں۔ اس سیمینار کو منعقد کرنے کا مقصد بھی یہی ہے کہ کسی قسم کے تحفظات باقی نہ رہیں۔ ای ٹیکسی سکیم میں ایسی گاڑیاں فراہم کرنا چاہتے ہیں جو قیمت میں نسبتاً کم مگر معیار میں بہترین ہوں۔
امید ہے اس سکیم سے بیروزگاری میں کمی اور سستی سفری سہولت عوام کو دستیاب ہو سکے گی۔ ہم تیزی سے جدید اور ایکو فرینڈلی ٹرانسپورٹ کی جانب بڑھ رہے ہیں اور وہ وقت اب زیادہ دور نہیں جب ہماری شاہراہوں پر دھوئیں سے پاک گاڑیاں دوڑ رہی ہوں گی۔