ای ٹی سی اور قائداعظم یونیورسٹی کے درمیان انڈرگریجویٹ داخلہ ٹیسٹ کے انعقاد کا معاہدہ

ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے ایجوکیشن ٹیسٹنگ کونسل (ای ٹی سی)اور قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد کے درمیان خزاں 2026ء کے انڈرگریجویٹ داخلوں کے لیے انڈرگریجویٹ اسٹڈیز ایڈمیشن ٹیسٹ (یو ایس اے ٹی) کے انعقاد کے سلسلے میں مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کئےگئے ہیں

اسلام آباد۔19جون (اے پی پی):ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے ایجوکیشن ٹیسٹنگ کونسل (ای ٹی سی)اور قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد کے درمیان خزاں 2026ء کے انڈرگریجویٹ داخلوں کے لیے انڈرگریجویٹ اسٹڈیز ایڈمیشن ٹیسٹ (یو ایس اے ٹی) کے انعقاد کے سلسلے میں مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کئےگئے ہیں۔معاہدے کے تحت یو ایس اے ٹی قائداعظم یونیورسٹی کے انڈرگریجویٹ پروگراموں میں داخلے کے لیے باضابطہ داخلہ ٹیسٹ کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔اس تعاون کے تحت ملک بھر کے طلبہ کی سہولت کے لیے ایجوکیشن ٹیسٹنگ کونسل پاکستان کے 12 شہروں میں یو ایس اے ٹی کا انعقاد کرے گی۔ ٹیسٹ چھ مختلف زمروں میں لیا جائے گا تاکہ مختلف تعلیمی شعبوں سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کو مساوی مواقع فراہم کئے جا سکیں۔ہائر ایجوکیشن کمیشن کے مطابق اس اقدام کا مقصد داخلہ عمل کو مزید شفاف، منصفانہ اور میرٹ پر مبنی بنانا ہے جبکہ دور دراز علاقوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ کے لیے بھی ٹیسٹ تک رسائی آسان بنائی جائے گی۔حکام کا کہنا ہے کہ ایجوکیشن ٹیسٹنگ کونسل اور قائداعظم یونیورسٹی کے درمیان یہ شراکت داری اعلیٰ تعلیم میں معیار، شفافیت، مساوی مواقع اور تعلیمی بہترین کارکردگی کے فروغ کے مشترکہ عزم کی عکاس ہے۔انہوں نے کہا کہ اس تعاون سے ملک بھر کے طلبہ کو یکساں اور منصفانہ بنیادوں پر اعلیٰ تعلیم کے مواقع میسر آئیں گے اور داخلوں کے نظام کو مزید مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔

مزید خبریں