اسلام آباد۔13دسمبر (اے پی پی):اے این ایف اکیڈمی میں زیر تربیت اینٹی نارکوٹکس فورس کے انسپکٹرز اور اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کے وفد نے سیف سٹی اسلام آباد کا دورہ کیا۔وفد کو سیف سٹی اسلام آباد کے مرکزی نظام، کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر، آن لائن ویمن پولیس سٹیشن، جدید تکنیک کے حامل کیمروں اور پولیس آپریشنز سنٹر ہال کا دورہ کرایا گیا اور اس کے طریقہ کار اور افادیت کے بارے میں بھی مکمل آگاہ کیا گیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل سیف سٹی نے اینٹی نارکوٹکس فورس اکیڈمی میں زیر تربیت انسپکٹرز اور اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کے وفد کو سیف سٹی اسلام آباد کا دورہ کرایا۔
وفد کو سیف سٹی اسلام آباد کے مرکزی نظام، کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر، آن لائن ویمن پولیس سٹیشن، جدید تکنیک کے حامل کیمروں اور پولیس آپریشنز سنٹر ہال کا دورہ کرایا گیا اور ان کے طریقہ کار اور افادیت کے بارے میں بھی مکمل آگاہ کیا۔ وفد کو بتایا گیا کہ سیف سٹی اسلام آباد جدید تکنیکی منصوبے کے ذریعے مختلف شعبہ جات میں اہم کردار ادا کر رہا ہے جس میں پولیس آپریشنز سنٹر، ایمرجنسی کنٹرول سنٹر،آن لائن ویمن پولیس سٹیشن ،ڈسپیچ کنٹرول سنٹر، ای چالان سسٹم اور "پکار "15- ہیلپ لائن جیسے اقدام شامل ہیں۔
وفد کو شہر میں سیف سٹی کیمروں کی کارکردگی اور افادیت کے بارے میں بتایا گیا کہ سیف سٹی کے جدید تکنیک کے حامل کیمرے شہر کی سلامتی، جرائم کے سدِباب اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر چہروں کی شناخت کرنے والے کیمرے بھی لگائے گئے ہیں جو مشکوک عناصر کی نشاندہی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، وفد نے اسلام آباد پولیس کے جدید تکنیکی نظام اور اس کی افادیت کو سراہا اور اس کامیاب دورے پر سیف سٹی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔