اے این ایف نے آٹھ کارروائیوں میں 5.3 ملین روپے مالیت کی تقریباً 29 کلو گرام منشیات برآمد کر لی

اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ہفتے کے روز ملک بھر کے مختلف شہروں میں 8 کارروائیاں کرتے ہوئے ایک خاتون سمیت 6 ملزمان کو گرفتار کر کے 5.3 ملین روپے سے زائد مالیت کی 28.988 کلو گرام منشیات برآمد کر لیں

اسلام آباد/راولپنڈی۔18جولائی (اے پی پی):اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ہفتے کے روز ملک بھر کے مختلف شہروں میں 8 کارروائیاں کرتے ہوئے ایک خاتون سمیت 6 ملزمان کو گرفتار کر کے 5.3 ملین روپے سے زائد مالیت کی 28.988 کلو گرام منشیات برآمد کر لیں۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر منشیات کی روک تھام کی بین الاقوامی کارروائی کے دوران اے این ایف نے جدہ جانے والے مسافر کے سامان سے 940 گرام آئس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ اسی طرح اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے کارگو شیڈ پر حکام نے دبئی جانے والے پارسل سے کاغذی شیٹ میں بھیگی ہوئی 995 گرام آئس بھی برآمد کر لی۔اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک اور کارروائی میں، اے این ایف نے ریاض جانے والے مسافر کے سامان سے ایک کلو گرام ژاناکس (Xanax )گولیاں برآمد کی ہیں۔ترجمان کے مطابق سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر، اے این ایف نے جدہ جانے والے ایک مرد اور خاتون کے پیٹ سے ہیروئن سے بھرے 125 کیپسول برآمد کئے جن کا وزن 753 گرام تھا۔ منشیات کی روک تھام کی کوششوں کے تحت، اے این ایف نے کراچی میں اسٹیٹ ایونیو روڈ کے قریب ایک ملزم سے 12 کلو گرام چرس بھی برآمد کی ہے۔پشاور میں جی ٹی روڈ کے قریب ایک اور کارروائی میں، اہلکاروں نے ایک مشتبہ شخص کے قبضے سے 1.2 کلو گرام چرس برآمد کی۔ترجمان اے این ایف نے کہا ہے کہ ضلع کیچ میں سمیع کے قریب اے این ایف نے جھاڑیوں میں چھپائی گئی 10 کلو گرام آئس قبضے میں لے لی۔پشاور میں رنگ روڈ پر واقع ایک کورئیر کے دفتر میں، اہلکاروں نے دو پرفیوم ڈبوں میں چھپائی گئی 1.2 کلو گرام چرس اور 900 گرام افیون برآمد کی ہے۔ترجمان نے کہا ہے کہ ملزمان کے خلاف منشیات کنٹرول ایکٹ (CNSA) 1997 کے تحت مقدمات درج کیے گئے ہیں اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔