اے ڈی پورٹس گروپ اور ایل ڈی سی کا کراچی پورٹ پر جدید زرعی لاجسٹکس سہولت قائم کرنے کے لیے طویل مدتی معاہدہ

ابوظہبی۔5دسمبر (اے پی پی):اے ڈی پورٹس گروپ نے اعلان کیا ہے کہ کراچی گیٹ وے ٹرمینل ملٹی پرپز لمیٹڈ (کےجی ٹی ایم ایل) جو نوآٹم پورٹس کے تحت کام کرتا ہےاور لوئس ڈرائیفس کمپنی پاکستان (ایل ڈی سی) نے کراچی پورٹ پر زرعی اجناس کی جدید اور صاف لاجسٹکس و ذخیرہ گاہ بنانے اور چلانے کے لیے طویل مدتی تجارتی معاہدے پر دستخط کر دیئے ہیں۔ امارات نیوز ایجنسی وام …

ابوظہبی۔5دسمبر (اے پی پی):اے ڈی پورٹس گروپ نے اعلان کیا ہے کہ کراچی گیٹ وے ٹرمینل ملٹی پرپز لمیٹڈ (کےجی ٹی ایم ایل) جو نوآٹم پورٹس کے تحت کام کرتا ہےاور لوئس ڈرائیفس کمپنی پاکستان (ایل ڈی سی) نے کراچی پورٹ پر زرعی اجناس کی جدید اور صاف لاجسٹکس و ذخیرہ گاہ بنانے اور چلانے کے لیے طویل مدتی تجارتی معاہدے پر دستخط کر دیئے ہیں۔ امارات نیوز ایجنسی وام کے مطابق معاہدے کے تحت کراچی گیٹ وے ٹرمینل ملٹی پرپز لمیٹڈ خوراک کے معیار کے مطابق ایک موثر اور جدید صاف بلک ہینڈلنگ سہولت تعمیر کرے گا، جس میں کنویئر سسٹم، لوڈنگ و ان لوڈنگ کا جدید انتظام اور متعلقہ بنیادی ڈھانچہ شامل ہوگا، تاکہ خشک زرعی اجناس کی عالمی معیار کے مطابق محفوظ اور موثر ہینڈلنگ یقینی بنائی جا سکے۔ ایل ڈی سی نے اس سہولت کے لیے زرعی اجناس کی مستقل سپلائی یقینی بنانے کا عہد کیا ہے۔ایل ڈی سی اس منصوبے کے ذریعے پاکستان میں اپنی موجودگی کو مزید مضبوط بنانے کا ارادہ رکھتا ہے۔

یہ سرمایہ کاری کراچی گیٹ وے ٹرمینل ملٹی پرپز لمیٹڈ کے پہلے مرحلے میں اے ڈی پورٹس گروپ کی جانب سے کیے گئے 75 ملین امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کے علاوہ ہے۔یہ شراکت داری ابوظہبی ڈویلپمنٹ ہولڈنگ کمپنی کے پورٹ فولیو میں شامل دو کمپنیوں کو یکجا کرتی ہے جو عالمی سپلائی چین اور اہم انفراسٹرکچر میں سرگرم کردار ادا کرتا ہے تاکہ پاکستان کی زرعی سپلائی چین اور پورٹ لاجسٹکس کو عالمی مہارت اور علاقائی صلاحیتوں کی بنیاد پر مستحکم کیا جا سکے۔سٹریٹجک انویسٹمنٹ اور انفراسٹرکچر یوٹیلائزیشن معاہدے پر ابوظہبی میں دستخط کیے گئے۔ دستخط کنندگان میں نوآٹم پورٹس کے سی ای او محمد التمیمی اور ایل ڈی سی کے لیے جنوبی اور جنوب مشرقی ایشیا کے سربراہ روبنز مارکیز شامل تھے۔تقریب میں اے ڈی پورٹس گروپ کے منیجنگ ڈائریکٹر و گروپ سی ای او کیپٹن محمد جمعہ الشمیسی اور ایل ڈی سی کے سی ای او مائیکل گیلچی بھی موجود تھے۔

نئی سہولت پاکستان کی زرعی لاجسٹکس میں رفتار، کارکردگی اور معیار بہتر بنائے گی، ہینڈلنگ کے اوقات کم کرے گی اور غذائی تحفظ کے عالمی معیار کے مطابق پورٹ آپریشنز کو بہتر بنائے گی۔ اس جدید انفراسٹرکچر کے ذریعے علاقائی تجارت مضبوط ہوگی اور غذائی اجناس تک رسائی مزید مستحکم ہو گی۔یہ معاہدہ پاکستان اور امارات کے درمیان دوطرفہ تجارت و معاشی تعاون کو مضبوط بنانے کی طرف ایک اور اہم قدم ہے۔اس موقع پر محمد التمیمی نے کہاکہ یہ تعاون پاکستان کی زرعی سپلائی چین اور پورٹ لاجسٹکس کو بہتر بنانے کے ہمارے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

کراچی گیٹ وے ٹرمینل ملٹی پرپز لمیٹڈ جدید فوڈ گریڈ سائلوز اور ہینڈلنگ سسٹم تیار کرے گا، جو پاکستان کے بحری شعبے اور علاقائی تجارت کے لیے ایک اہم قدم ہوگا، جبکہ ایل ڈی سی کے روبنز مارکیز نے کہاکہ ہم اس اہم منصوبے میں کراچی گیٹ وے ٹرمینل ملٹی پرپز لمیٹڈ اور اے ڈی پورٹس گروپ کے ساتھ شراکت داری پر خوش ہیں۔ یہ سرمایہ کاری پاکستان میں ہماری 15 سالہ موجودگی اور زرعی تجارت میں اس کی بڑھتی اہمیت پر اعتماد کو ظاہر کرتی ہے۔اے ڈی پورٹس گروپ کراچی پورٹ پر کراچی گیٹ وے ٹرمینل لمیٹڈ (کےجی ٹی ایم ایل) کنٹینر ٹرمینل بھی تیار اور منظم کر رہا ہے۔ پاکستان گروپ کی سٹریٹجک حکمتِ عملی میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے، کیونکہ وہ وسطی ایشیا کے لیے میری ٹائم گیٹ وے کے طور پر مڈل کوریڈورکے ذریعے چین اور یورپ کو ملانے والے اہم زمینی راستے پر کام کر رہا ہے۔