مسلم لیگ ن نے ہمیشہ ترقیاتی منصوبے بنائے ہیں، ملک سیف الملوک کھوکھر
مسلم لیگ ن نے ہمیشہ ترقیاتی منصوبے بنائے ہیں، ملک سیف الملوک کھوکھر

مزید خبریں
لاہور۔6اگست (اے پی پی):صدر مسلم لیگ ن لاہور و ممبر قومی اسمبلی ملک سیف الملوک کھوکھر نے ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کے ہمراہ لاہور کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا دورہ کیا، ممبر صوبائی اسمبلی ملک شہباز کھوکھر بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے۔ترجمان کے مطابق ملک سیف الملوک کھوکھر نے ناصر باغ زیر زمین پارکنگ پلازہ اور نیلا گنبد زیر زمین پارکنگ پلازہ کا دورہ کیا۔
ملک سیف الملوک کھوکھر نے ڈی جی ایل ڈی اے کے ہمراہ داتا دربار توسیعی منصوبے، بھاٹی چوک انڈر پاس و ریلوے اسٹیشن کے اطراف کا بھی دورہ کیا اور لاہور میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پرڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق اور چیف انجینئر ٹیپا اقرار حسین نے منصوبوں کی پیش رفت بارے بریفنگ دی۔
صدر مسلم لیگ ن لاہور نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کے ویژن اور ترقیاتی منصوبوں نے لاہور شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کیا ہے،وزیر اعلی پنجاب نے سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ اور اربن ریجنریشن کا ویژن دیا ہے،لاہور میں جاری ترقیاتی منصوبوں سے تاریخی ورثہ کی بحالی میں مدد مل رہی ہے ،ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے لاہور میں پارکنگ کے مسائل حل ہوں گے اور ٹریفک روانی میں بہتری آئے گی۔
انہوں نے کہاکہ نیلا گنبد مزار کو اس کی اصلی حالت میں بحال کیا جا رہا ہے،ناصر باغ میں انڈر گرائونڈ پارکنگ پلازہ کے ساتھ اوپر گرینری بھی کی جائے گی، بھاٹی چوک انڈر پاس بھی چند روز میں کھول دیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن نے ہمیشہ ترقیاتی منصوبے بنائے ہیں، ترقی اور خوشحالی کی سیاست کی ہے۔
ملک سیف الملوک کھوکھر نے کہا کہ ڈی جی ایل ڈی اے اور ان کی ٹیم تعریف کی مستحق ہے،لاہور میں جاری ترقیاتی منصوبے جلد مکمل اور شہریوں کے دیرینہ مسائل حل ہونگے۔صدر مسلم لیگ ن لاہور نے بھاٹی چوک انڈر پاس کا تفصیلی معائنہ کیا جہاںچیف انجینئر ٹیپا نے انہیں بریفنگ دی، ناصر باغ پارکنگ پلازہ کا مجموعی طور پر 72 فیصد کام مکمل کر لیا گیا اور تمام فلوز کی چھت ڈال لی گئی ہے،ناصر باغ انڈر گرائونڈ پارکنگ پلازہ کے گرے سٹرکچر اور فنشنگ کے کام دن رات جاری ہیں،نیلا گنبد پارکنگ پلازہ کا بھی مجموعی طور پر 83 فیصد کام مکمل اور فنشنگ کے کام تیزی سے جاری ہیں۔اسی طرح ریلوے اسٹیشن کے پارکنگ ایریا اور سرکلر روڈ پر ڈانسنگ فائونٹین آئندہ چند روز میں نصب کر دیا جائے گا۔







