پنجاب یونیورسٹی ماڈل گرلز ہائی سکول کا میٹرک میں 100 فیصد نتائج،وی سی کی مبارکباد

پنجاب یونیورسٹی ماڈل گرلز ہائی سکول کا میٹرک میں 100 فیصد نتائج،وی سی کی مبارکباد

لاہور۔6اگست (اے پی پی):پنجاب یونیورسٹی ماڈل گرلز ہائی سکول کی طالبات نے میٹرک سالانہ امتحان 2026 کے نتائج میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 100 فیصد کامیابی حاصل کر لی۔تفصیل کے مطابق سائنس گروپ میں سائرہ نے 1143 نمبر حاصل کرکے پہلی پوزیشن اپنے نام کی،دیا نے 1136 نمبر لے کر دوسری اور ایمان خدیجہ نے 1108 نمبر لے کرتیسری پوزیشن حاصل کی۔

اسی طر ح آرٹس گروپ میں زینب شفیق نے1037 نمبر لے کر پہلی، فائقہ فیاض نے 889 نمبرکے ساتھ دوسری اور ماریہ نے 886 نمبرحاصل کرکے تیسری پوزیشن اپنے نام کی۔ وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات، ان کے والدین، پرنسپل،اساتذہ اور سکول انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی۔

انہوں نے کہا کہ یہ شاندار نتائج طلبہ کی محنت، اساتذہ کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور والدین کے تعاون کا ثمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی معیاری تعلیم کے فروغ اور طلبہ کی ہمہ جہت تربیت کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گی۔ وائس چانسلر نے امید ظاہر کی کہ طلبہ مستقبل میں بھی اسی جذبے اور لگن کے ساتھ کامیابیاں سمیٹ کر یونیورسٹی اور ملک کا نام روشن کریں گے۔

سکول پرنسپل عظمی عابدنے کہا کہ طالبات نے کم وسائل کے باوجود شاندار کامیابی حاصل کی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی ماڈل ہائی سکول وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی کی سربراہی میں طالبات کی معیاری تعلیم کی بہتری کے لیے کوشاں ہے۔