بابائے سوشلزم کی 24 ویں برسی کے موقع پر تقریب 14 ستمبر کو لاہور ہائی کورٹ میں منعقد ہوگی
بابائے سوشلزم کی 24 ویں برسی کے موقع پر تقریب 14 ستمبر کو لاہور ہائی کورٹ میں منعقد ہوگی

مزید خبریں
لاہور۔13ستمبر (اے پی پی):بابائے سوشلزم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے بزرگ رہنما شیخ محمد رشید کی 24 ویں برسی کے موقع پر ان کی سیاسی، جمہوری اور عوامی جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے تقریب آج ( پیر کو )لاہور ہائی کورٹ کے کراچی شہدا ہال میں منعقد ہوگی، جس میں کیا آئین کے آرٹیکل3 میں عوام کے معاشی مسائل کا حل موجود ہے؟ کے موضوع پر اظہار خیال کیا جائے گا۔ تقریب میں سیاسی، سماجی اور عوامی حلقوں سے تعلق رکھنے والی والی شخصیات شرکت کریں گی۔ تقریب کا اہتمام بابائے سوشلزم فائونڈیشن کے زیر اہتمام کیا جا رہا ہے۔
فائونڈیشن کے صدر اور شیخ محمد رشید کے پوتے رضا اشفاق شیخ نے کہا ہے کہ بابائے سوشلزم شیخ محمد رشید پاکستان میں مزدوروں، کسانوں اور محروم طبقات کے حقوق کے لیے جدوجہد کرنے والی نمایاں شخصیات میں شمار ہوتے ہیں۔ وہ پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے اولین صدر، سینئر وائس چیئرمین اور وفاقی وزیر کی حیثیت سے قومی سیاست میں اہم کردار ادا کرتے رہے۔
وہ سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کے قریبی رفقائے کار اور ملک میں عوامی جمہوری و سوشلسٹ فکر کے اہم علمبردار تھے۔ان کی سیاسی جدوجہد کا بنیادی محور معاشی انصاف، مساوات، جمہوری اختیار اور محنت کش عوام کے حقوق کا تحفظ تھا۔ انہوں نے اپنی سیاسی زندگی میں مزدوروں، کسانوں اور محروم طبقات کے مسائل کو اجاگر کرنے اور انہیں قومی سیاست کا حصہ بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کیا۔







