بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کی دیانت، اصول پسندی، آئینی جدوجہد اور غیر متزلزل قیادت نے پاکستان کے قیام کو ممکن بنایا، سپیکر قومی اسمبلی

اسلام آباد۔24دسمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بابائے قوم کی دیانت، اصول پسندی، آئینی جدوجہد اور غیر متزلزل قیادت نے پاکستان کے قیام کو ممکن بنایا۔ بدھ کو بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے 149 ویں یوم ولادت کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ قائداعظمؒ …

اسلام آباد۔24دسمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بابائے قوم کی دیانت، اصول پسندی، آئینی جدوجہد اور غیر متزلزل قیادت نے پاکستان کے قیام کو ممکن بنایا۔ بدھ کو بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے 149 ویں یوم ولادت کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ قائداعظمؒ کی شخصیت اور ان کے افکار آج بھی ہمارے آئینی، سیاسی اور جمہوری نظام کے لئے مشعلِ راہ ہیں۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ قائداعظمؒ نے برصغیر کے مسلمانوں کو واضح سیاسی سمت فراہم کی اور اتحاد، ایمان اور تنظیم کے رہنما اصولوں کو اپناتے ہوئے ایک آزاد وطن کے خواب کو حقیقت کا روپ دیا۔

انہوں نے کہا کہ قائداعظمؒ نے قانون کی حکمرانی، مذہبی آزادی، مساوات اور سماجی انصاف پر مبنی فلاحی ریاست کا تصور دیا، قائداعظمؒ ایک ایسی مضبوط، خودمختار اور فلاحی ریاست کے قیام کے خواہاں تھے جہاں ہر شہری بلاامتیاز رنگ و نسل مکمل مذہبی آزادی کے ساتھ زندگی بسر کر سکے۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان 2026ء میں بانی پاکستان کی 150واں یومِ ولادت منانے جا رہا ہے اور اس تناظر میں حکومتِ پاکستان کی جانب سے 2026ء کو ’’قائداعظم کا سال‘‘ قرار دیا گیا ہے جو بروقت اور تاریخی اقدام ہے۔

انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ سال 2026ء قائداعظمؒ کے افکار، آئینی اصولوں کی پاسداری اور جمہوری اقدار کے فروغ کو نئی نسل تک منتقل کرنے کا نادر موقع فراہم کرے گا۔سپیکر نے کہا کہ تعلیمی، فکری اور سماجی سطح پر قائد اعظمؒ کے پیغام کو اجاگر کرنا وقت کی ضرورت ہے تاکہ نوجوان نسل بانی پاکستان کے نظریات سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے ملک کی ترقی، استحکام اور خوشحالی میں مؤثر کردار ادا کر سکے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پارلیمان قائداعظمؒ کے افکار کی روشنی میں آئین کی بالادستی، جمہوریت کے فروغ، ملکی استحکام اور عوامی فلاح و بہبود کے لئے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ قائداعظمؒ کے پاکستان کو مضبوط، خودکفیل اور ترقی یافتہ ریاست بنانے کے لئے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ نے بھی یومِ قائداعظمؒ کے موقع پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ کی جدوجہد، دیانت اور اصول پسندی پاکستان کی اصل شناخت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو بانی پاکستان کے نظریات سے روشناس کرانا قومی تشخص کو مضبوط بنانے کے لئے ضروری ہے۔ ڈپٹی سپیکر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پارلیمان قائد اعظمؒ کے افکار کی روشنی میں پاکستان کو امن، ترقی اور استحکام کی راہ پر گامزن رکھنے کے لئے اپنا کردار جاری رکھے گی۔