بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کا یوم ولادت کل ملی جوش و جذبہ کے ساتھ منایا جائے گا

اسلام آباد۔24دسمبر (اے پی پی):بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کا یوم ولادت کل جمعہ 25 دسمبر کو ملی جوش و جذبہ کے ساتھ منایا جائے گا۔ قائداعظم محمد علی جناح 25 دسمبر 1876 کو کراچی میں پیدا ہوئے۔ اس موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل ہو گی اور تمام سرکاری عمارتوں پر پرچم کشائی کی جائے گی۔ دن کا آغاز ملک اور قوم کی ترقی، سلامتی اور خوشحالی …

اسلام آباد۔24دسمبر (اے پی پی):بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کا یوم ولادت کل
جمعہ 25 دسمبر کو ملی جوش و جذبہ کے ساتھ منایا جائے گا۔ قائداعظم محمد علی جناح 25 دسمبر 1876 کو کراچی میں پیدا ہوئے۔ اس موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل ہو گی اور تمام سرکاری عمارتوں پر پرچم کشائی کی جائے گی۔ دن کا آغاز ملک اور قوم کی ترقی، سلامتی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائوں کے ساتھ ہو گا۔ قائداعظم محمد علی جناح کے افکار اور ان کی تعلیمات کو اجاگر کرنے کیلئے خصوصی تقاریب کا اہتمام کیا جائے گا۔ سرکاری اور نجی اداروں میں قائداعظم محمد علی جناح کی شخصیت پر روشنی ڈالنے اور ان کے افکار کو اجاگر کرنے کیلئے مختلف سرگرمیاں بھی منعقد ہو ں گی جن میں جدوجہد آزادی اور تحریک آزادی کے ان کے ساتھیوں کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔ قائداعظم محمد علی جناح نے اتحاد، ایمان، تنظیم کے اصولوں کی بنیاد پر وطن عزیز کی بنیاد رکھی۔اس موقع پر منعقدہ تقریبات میں نوجوان نسل کو قائداعظم کے افکار سے روشناس کرایا جائے گا۔ مزار قائد کراچی پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب منعقد ہو گی اور فاتحہ کی جائے گی۔ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد مزار قائد پر حاضری دے گی اور برصغیر کے مسلمانوں کیلئے علیحدہ مملکت کے قیام پر انہیں خراج عقیدت پیش کرے گی۔ قائداعظم محمد علی جناح ایک قانون دان اور سیاستدان تھے جنہوں نے 1913 سے آل انڈیا مسلم لیگ کی قیادت سنبھالی اور 14 اگست 1947 کو مملکت خداداد پاکستان کا دنیا کے نقشے پر ابھرا۔