بابا گرونانک کے جنم دن کی تقریبات، انتظامات مکمل، سیکرٹری متروکہ املاک

سیکرٹری متروکہ وقف املاک بورڈ ناصر مشتاق نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان بابا گرونانک دیو جی کی 557 ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے دنیا بھر سے آنے والے سکھ یاتریوں کی بھرپور میزبانی کرے گی اور انہیں مفت رہائش، لنگر اور طبی سہولیات سمیت بہترین انتظامات فراہم کیے جائیں گے،سکھ یاتریوں کی تعداد پر کوئی پابندی نہیں اور متروکہ وقف املاک بورڈ جنم دن تقریبات …

لاہور۔16اکتوبر (اے پی پی):سیکرٹری متروکہ وقف املاک بورڈ ناصر مشتاق نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان بابا گرونانک دیو جی کی 557 ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے دنیا بھر سے آنے والے سکھ یاتریوں کی بھرپور میزبانی کرے گی اور انہیں مفت رہائش، لنگر اور طبی سہولیات سمیت بہترین انتظامات فراہم کیے جائیں گے،سکھ یاتریوں کی تعداد پر کوئی پابندی نہیں اور متروکہ وقف املاک بورڈ جنم دن تقریبات کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز بورڈ کے ہیڈ آفس میں بابا گرونانک دیو جی کی 557 ویں جنم دن تقریبات کے انتظامات کے حوالے سے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ سیکرٹری بورڈ نے کہا کہ پاکستان ہائی کمیشن کو موصول ہونے والی ویزا درخواستوں پر سکھ یاتریوں کو ویزے جاری کرنے میں پاکستان کی جانب سے کوئی رکاوٹ نہیں، تاہم یاتریوں کی آمد اور سرحدی داخلے سے متعلق بھارتی حکومت کے فیصلے پاکستان کے اختیار میں نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یاتریوں کو مفت ادویات، تشخیص اور طبی معائنے کی سہولیات فراہم کی جائیں گی جبکہ معیاری ٹرانسپورٹ، سکیورٹی اور دیگر انتظامات بھی متعلقہ اداروں کے تعاون سے یقینی بنائیں جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ اس وقت برطانیہ، کینیڈا، امریکہ اور آسٹریلیا سمیت مختلف ممالک سے یاتری پاکستان آ رہے ہیں اورتقریباً 10 سے 12 جتھے پاکستان میں موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دستیاب ابتدائی اندازوں کے مطابق رواں سال بیرون ملک مقیم سکھ یاتریوں کی تعداد تقریبا تین ہزار تک پہنچنے کی توقع ہے جبکہ پاکستانی مشنز ویزوں کے اجرا اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی میں تعاون کر رہے ہیں۔ ناصر مشتاق نے کہا کہ سکھ یاتریوں کی میزبانی اور بابا گرونانک دیو جی کی جنم دن تقریبات کے انتظامات قومی ذمہ داری اور بین الاقوامی اہمیت کے حامل ہیں، جن سے پاکستان کی ساکھ وابستہ ہے۔ متروکہ وقف املاک بورڈ کے ساتھ حکومت پنجاب، پنجاب پولیس، اسپیشل برانچ، ریسکیو 1122 اور وفاقی انٹیلی جنس ادارے سکیورٹی، صحت اور دیگر انتظامات میں تعاون کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی ادارے باہمی اشتراک اور ٹیم ورک کے تحت کام کرتے ہیں اور کسی ادارے کی جانب سے اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے میں عدم تعاون محسوس نہیں ہوا۔ سیکرٹری بورڈ نے کہا کہ پاکستان نے کرتارپور راہداری کے قیام پر خطیر سرمایہ کاری کی اور بھارتی پنجاب میں آباد سکھوں کو مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لیے پاکستان کی حدود میں واقع راہداری کے تقریباً چار کلومیٹر حصے تک بغیر ویزا رسائی فراہم کی، تاہم بھارتی حکومت کی جانب سے راہداری کی بحالی کا معاملہ تاحال حل طلب ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ نومبر میں بابا گرونانک دیو جی کی جنم دن تقریبات میں شرکت کے لیے آنے والے یاتریوں کی راہ میں رکاوٹیں پیدا نہیں کی جائیں گی اور انہیں اپنے مذہبی مقامات تک رسائی کی سہولت میسر آئے گی۔

 

مزید خبریں