پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 راولپنڈی نے مون سون کی حالیہ بارشوں اور مزید شدید بارشوں کی پیش گوئی کے پیش نظر ضلع بھر میں ہائی الرٹ جاری کر دیا
بارشوں کے پیشِ نظر راولپنڈی میں ریسکیو 1122 ہائی الرٹ، نالہ لئی اور نشیبی علاقوں میں خصوصی نفری تعینات

مزید خبریں
راولپنڈی ۔21جولائی (اے پی پی):پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 راولپنڈی نے مون سون کی حالیہ بارشوں اور مزید شدید بارشوں کی پیش گوئی کے پیش نظر ضلع بھر میں ہائی الرٹ جاری کر دیا ،
شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹنے کے لیے ریسکیو اہلکاروں کو نالہ لئی، کٹاریاں، گوالمنڈی اور دیگر نشیبی و حساس علاقوں میں تعینات کر دیا گیا ہے جہاں وہ چوبیس گھنٹے الرٹ رہتے ہوئے صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔ریسکیو 1122 کے مطابق بارشوں کے دوران اربن فلڈنگ، برساتی نالوں میں پانی کی سطح بلند ہونے اور دیگر ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ امدادی ٹیمیں، لائف جیکٹس، ریسکیو گاڑیوں اور دیگر ضروری آلات کے ساتھ فیلڈ میں موجود ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں فوری امدادی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
ریسکیو حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ مون سون کے موسم میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں۔ والدین اپنے بچوں کو بارش کے دوران نالہ لئی، برساتی نالوں، کھلے مین ہولز اور بجلی کے کھمبوں یا تاروں کے قریب ہرگز نہ جانے دیں کیونکہ معمولی غفلت بھی کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے۔ترجمان نے ڈرائیوروں کو ہدایت کی ہے کہ بارش کے دوران گاڑیاں انتہائی محتاط انداز میں اور کم رفتار پر چلائیں، محفوظ فاصلہ برقرار رکھیں اور پانی سے بھرے ہوئے راستوں سے گزرنے سے حتیٰ الامکان اجتناب کریں۔
اسی طرح شہری اربن فلڈنگ کے خدشے کی صورت میں بروقت محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں اور کمزور یا خستہ حال عمارتوں اور چھتوں کے نیچے پناہ لینے سے گریز کریں۔ریسکیو 1122 نے یہ بھی ہدایت کی ہے کہ شدید بارشوں، لینڈ سلائیڈنگ اور بادل پھٹنے کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر پہاڑی اور سیاحتی علاقوں کا رخ نہ کیا جائے جبکہ ندی نالوں کو عبور کرنے کی کوشش کسی صورت نہ کی جائے کیونکہ تیز بہاؤ انسانی جان کے لیے انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ترجمان ریسکیو نے کہا کہ شہری کسی بھی ہنگامی صورتحال، حادثے یا امداد کی ضرورت پیش آنے پر فوری طور پر ریسکیو کی ہیلپ لائن 1122 پر اطلاع دیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ریسکیو 1122 کی ٹیمیں ہر وقت عوام کی خدمت اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔








