بالائی خیبر پختونخوا، شمالی بلوچستان، گلگت بلتستان، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان

167

اسلام آباد۔3جنوری (اے پی پی):بالائی خیبر پختونخوا، شمالی بلوچستان، گلگت بلتستان، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پنجاب، خیبر پختونخوا کے زیادہ تر میدانی علا قوں اور بالائی سندھ میں صبح اور رات کے اوقات میں درمیانی سے شدید دھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بالائی خیبر پختونخوا، شمالی بلوچستان، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش جبکہ پہاڑوں پر برف باری ہوئی تاہم ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہا۔

مزید برآں پنجاب کے بیشتر اضلاع اور بالائی سندھ میں درمیانی سے شدید دھند چھائی رہی۔ اس دوران سب سے زیادہ بارش چترال میں 22، کالام 20، دروش 17، پٹن 16، میر کھانی 15، دیر (بالائی) 14، سیدو شریف 2، مالم جبہ ایک، دالبندین 18، قلات ایک، گوپس 13، استور ایک، مظفرآباد ایئرپورٹ 2 اور سٹی میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کالام میں 14،چترال، گوپس 7، استور ایک، سکردو 0.8 اور مالم جبہ میں 0.5 انچ برف باری ریکارڈ ہوئی۔ جمعہ کو ریکارڈ کئے گئے کم سےکم درجہ حرارت کے اعدادوشمار کے مطابق گوپس میں درجہ حرارت منفی 8، لہہ، پارا چنار منفی 4، میرکھانی، ہنزہ منفی 3 اور سکردو میں منفی 2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔