بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی برسی عقیدت و احترام سے منائی گئی

بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی برسی جمعہ 11 ستمبرکو انتہائی عقیدت و احترام سے منائی گئی

اسلام آباد۔11ستمبر (اے پی پی):بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی برسی جمعہ 11 ستمبرکو انتہائی عقیدت و احترام سے منائی گئی ۔ بابائے قوم کے یوم وفات پر مزار قائد پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا جب کہ اہم سیاسی و سماجی شخصیات اور اعلیٰ سرکاری حکام نے بھی مزار قائد پر حاظری دی۔ قائد اعظم کی قیادت میں برصغیر کے مسلامانوں علیحدہ وطن پاکستان کے قیام سے انگریزوں کے تسلط سے نجات حاصل کی ۔قائد اعظم محمد علی جناح 25 دسمبر 1876 میں کراچی میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم کا آغاز 1882 میں اپنے آبائی شہر سے کیا اور 1893 میں اعلیٰ تعلیم کے لئے برطانیہ چلے گئے۔ قائد اعظم نے 1896 بیرسٹری کا امتحان پاس کیا اور وطن واپس لوٹ آئے۔اپنی قانونی قابلیت اور اصول پسندی کے باعث جلد ہی ان کا شمار برصغیر کے ممتاز قانون دانوں میں ہونے لگا۔قائداعظم نے وطن واپسی کے بعد عملی سیاست کا آغاز کیا اور 1906 میں انڈین نیشنل کانگریس میں شامل ہوئے۔ تاہم وقت گزرنے کے ساتھ انہیں برصغیر کے مسلمانوں کے سیاسی حقوق اور مفادات کے حوالے سے کانگریس کی پالیسیوں پر تحفظات پیدا ہوئے۔قائداعظم محمد علی جناح نے 1913 میں آل انڈیا مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کی اور ایک عرصے تک کانگریس اور مسلم لیگ کے درمیان سیاسی تعاون کی کوششیں بھی جاری رکھیں۔ تاہم کانگریس کی پالیسیوں سے بڑھتے اختلافات کے بعد انہوں نے 1920 میں کانگریس سے علیحدگی اختیار کرلی اور مسلم لیگ کی قیادت کے ذریعے مسلمانوں کے سیاسی مستقبل کے لیے جدوجہد تیز کردی۔1937 میں مولانا مظہرالدین کی جانب سے محمد علی جناح کو ’’قائداعظم‘‘ کا لقب دیا گیا۔ ان کی مدبرانہ قیادت، سیاسی اور آئینی جدوجہد کے نتیجے میں برصغیر کے مسلمانوں کے لیے الگ وطن کے مطالبے نے عملی شکل اختیار کی اور 14 اگست 1947 کو پاکستان دنیا کے نقشے پر ابھرا۔قیام پاکستان کے بعد قائداعظم ملک کے پہلے گورنر جنرل بنے۔ وہ ایک مضبوط، منظم اور جمہوری پاکستان کی تعمیر کے خواہاں تھے تاہم علالت نے انہیں زیادہ عرصہ کام کرنے کا موقع نہ دیا۔قائداعظم محمد علی جناح 11 ستمبر 1948 کو وفات پاگئے اور قوم اپنے عظیم رہنما سے محروم ہوگئی۔ قائد اعظم محمد علی جناح کی برسی کے موقع پر مزار قائد پر ہونے والی تقریبات اور ملک بھر میں منعقد ہونے والے پروگرام اس امر کے عکا س ہیں کہ قائداعظم کی جدوجہد، قیادت اور پاکستان کے قیام میں ان کا کردار آج بھی قومی تاریخ کا بنیادی باب ہے۔ بانی پاکستان کی برسی کے موقع پر سول و فوجی قومی قیادت ، سیاسی رہنمائوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہر فرد کی جانب سے قائد اعظم محمد علی ضناح کو بھر پور انداز میں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

مزید خبریں